• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناظم جوکھیو قتل کیس، نامزد ارکان اسمبلی و دیگرملزمان کے خلاف مقدمہ سیشن عدالت منتقل کرنے کی درخواست منظور

کراچی(آن لائن/اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ناظم جوکھیو قتل کا مقدمہ اے ٹی سی سے سیشن عدالت منتقل کرنے کی درخواست منظور کرلی، کیس میں پی پی کے ممبر قومی اسمبلی اور ممبر صوبائی اسمبلی نامزد ہیں۔ مقدمہ سے جام عبدالکریم اور دیگر کا نام نکالنے سے متعلق فیصلہ نہیں سنایا گیا۔ پولیس، پراسیکیوشن، مدعی مقدمہ اور ناظم جوکھیو کی بیوہ نے مقدمہ دہشت گردی کی عدالت میں چلانے کی مخالفت کی تھی۔اسٹاف رپورٹرکے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت میں ناظم جوکھیو قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، مقدمہ اے ٹی سی سے سیشن عدالت بھیجنے کی درخواست منظور کرلی، انسداد دہشت گردی عدالت میں ناظم جوکھیو قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے مقدمہ سیشن کورٹ منتقل کرنے کی درخواست منظور کرلی۔ تفتیشی افسر، مدعی اور بیوہ شیریں جوکھیو کے وکلا نے مقدمہ سیشن عدالت منتقل کرنے کی درخواست کی تھی، مقدمہ سے جام عبدالکریم اور دیگر کا نام نکالنے سے متعلق فیصلہ نہیں سنایا گیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کا کہنا تھا کہ سیشن عدالت چالان کا جائزہ لے کر فیصلہ کرے گی۔ پولیس، پراسیکیوشن، مدعی مقدمہ اور ناظم جوکھیو کی بیوہ نے مقدمہ دہشت گردی کی عدالت میں چلانے کی مخالفت کی تھی۔ سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ ناظم جوکھیو قتل کیس میں دہشت گردی کی دفعات کا اطلاق نہیں ہوتا ہے، ملزمان کے وکلا کا کہنا تھا کہ ناظم جوکھیو قتل کیس دہشت گردی کی عدالت میں نہیں چل سکتا ہے۔ آن لائن کے مطابق خیال رہے گزشتہ ماہ انسداد دہشت گردی کے منتظم جج کی عدالت میں تفتیشی افسر نے مقدمے کا چالان جمع کرایا تھا، چالان سے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام کریم اور رکن سندھ اسمبلی جام اویس سمیت 8 افراد کے نام خارج کردیئے گئے تھے۔ چالان کے متن میں کہا گیا تھا کہ کیس میں دو ملزمان حیدر علی اور میر علی گرفتار جبکہ ملزم نیاز کو مفرور قرار دیا گیا ہے، کیس میں استغاثہ کے 31 گواہان کے نام شامل ہیں، مقدمے میں حیدر، معراج اور نیاز کو بطور ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ واضح رہے ناظم جوکھیو کو نومبر 2021 میں میمن گوٹھ تھانے کی حدود میں قتل کیا گیا تھا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے کیس میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کا حکم دیا تھا۔

اہم خبریں سے مزید