• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علماء سے ملک میں فتنہ و فساد روکنے کی اپیل کی ہے، طاہر اشرفی

چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ علماء سے ملک میں فتنہ و فساد کو روکنے کی اپیل کی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان مجلس شوریٰ کے اجلاس میں اپیل کی تھی ملک میں فتنہ فساد کو روکا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے لیے انتشار کی صورتحال اچھی نہیں، ایک بار پھر سیاسی جماعتوں، حکومت اور پی ٹی آئی سے اپیل ہے کہ بات چیت کی طرف توجہ دیں۔

علامہ طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ پاکستان ایک مضبوط قوم ہے، ہم نے بڑے بحرانوں کا مقابلہ کیا ہے، تشدد کا راستہ کسی کو بھی اختیار نہیں کرنا چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست میں مذہب کا غیر ضروری استعمال ہر پارٹی کرتی ہے، پاکستان علماء کونسل کا شروع سے موقف ہے دھرنوں کے زور پر حکومتوں کی تبدیلی ممکن نہیں۔

چیئرمین علماء کونسل نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے حالات کو سری لنکا کے حالات سے ملانا کسی صورت درست نہیں، شہباز شریف اور ان کی اتحادی جماعتوں سے بھی اپیل ہے مفاہمت کا راستہ اختیار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف کہا جاتا ہے قومی سلامتی کے ادارے سیاست میں حصہ نہ لیں اور پھر انہیں آوازیں دی جاتی ہیں۔

علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ عدالت سے اپیل ہے کہ جو اداروں کے خلاف گفتگو ہورہی ہے اس پر بھی ازخود نوٹس لیا جائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کل پولیس کا جوان شہید ہوا اس کے خون کا ذمہ دار کون ہے؟ اہلکار کے قتل پر تمام لوگ مذمت کرتے لیکن اس پر صفائیاں پیش کی جارہی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید