• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت پڑوسی ملکوں کی طرح حجاج کیلئے سبسڈی فراہم کرے، سینیٹ کمیٹی کی سفارش

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا۔ اس موقع پر کمیٹی نے حج اخراجات کم کرنے اور حاجیوں کو سبسڈی دینے کی سفارش کی ہے۔ 

اجلاس میں بلوچستان کے حج گروپ آرگنائزرز کے کوٹے کے حوالے سے شکایات اور مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ حج آرگنائزر کے مسائل کے حل کے لیے چیئرمین سینیٹ کو خط لکھا تھا۔ 

سیکریٹری مذہبی امور آفتاب درانی نے بتایا کہ میرٹ کی بنیاد پرحج گروپ آرگنائزرز کو کوٹہ تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر سال دسمبر یا جنوری میں حج پالیسی منظور ہوتی ہے۔ اس سال ڈیڑھ ماہ پہلے سعودی حکومت نے پاکستان کے لیے کوٹہ منظور کیا۔ 

سیکریٹری مذہبی امور نے مزید بتایا کہ وزارت مذہبی امورنے سمری بنا کر کابینہ کو منظوری کیلئے بھیج دی ہے۔ وزارت مذہبی امور نے کہا کہ 13مئی تک درخواستیں وصول کی گئیں، 16مئی کو قرعہ اندازی بھی کرلی گئی۔ 801 پرائیویٹ کمپنیز میں حج کوٹہ تقسیم کیا جن میں سے 64 کا تعلق بلوچستان سے ہے۔ 

وزارت مذہبی امور نے کہا کہ نئی اندراج شدہ کمپنیوں کی تعداد 2907 ہے،311 کا تعلق بلوچستان سے ہے۔ بلوچستان کی نئی311 کمپنیوں میں سے 194 کو نااہل اور 117 کو اہل  قرار دیا گیا۔ 

وزارت مذہبی امور کے مطابق ڈرافٹ آڈٹ فرم کی رپورٹ پر بلوچستان کی کمپنیوں سے شکایات وصول ہوئیں، جن کاجائزہ لیا جا رہا ہے۔ موجودہ سال حج اخراجات ساڑھے 8 لاکھ روپے تک ہوں گے۔ 

وزارت مذہبی امور کے مطابق حج اخراجات کا اعلان سب سے اہم ہوتا ہے جو 2 دن پہلے سعودی حکومت نے کیا۔ چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کی حکومتیں حجاج کے لیے ریلیف فراہم کرتی ہیں۔ حکومت پاکستان بھی حجاج کے لیے سبسڈی فراہم کرے۔ 

قومی خبریں سے مزید