• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ وادی کی اداکارہ امرین بھٹ کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا

سری نگر(مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ وادی کی ٹی وی اداکارہ امرین بھٹ کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔ بھارتی میڈیاکے مطابق 35سالہ امرین بھٹ مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈگام میں واقع گاؤں شیڈورا میں اپنے گھر میں موجود تھیں جہاں انہیں نامعلوم افراد نے گولیوں کا نشانہ بناڈالا۔امرین کے ساتھ ان کا 10سالہ بھتیجا بھی گھر میں موجود تھا جو گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔ امرین کو فوری طور پراسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ مقبوضہ کشمیر پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ امرین بھٹ دختر خضر محمد بھٹ کو رات 8بجے کے قریب قتل کیا گیا۔وہ ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئرکرتی رہتی تھیں۔امرین کے بھتیجے کو بازو میں گولی لگی، جس کااسپتال میں علاج جاری ہے۔بھارتی حکام کی طرف سے اس واردات کا الزام بھی حسب معمول لشکر طیبہ کے سر ڈالا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس واردات کے بعد علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔تھیٹر اور ٹیلی وژن سے وابستہ اداکاروں نے اس حملے کو دہشت گردی کی ایک بد ترین مثال قرار دیا۔ تھیٹر سے وابستہ اداکاروں کاکہناہے کہ امرین بھٹ اور اس کے بھتیجے پر کیاگیا حملہ ایک انسانیت سوز کاروائی ہے۔امرینہ سوشل میڈیا پر کافی ایکٹو تھیں۔ ملک میں ٹک ٹاک پر پابندی سے پہلے وہ اس پلیٹ فارم پر اپنی ویڈیوز کے لیے کافی مشہور تھیں۔ ان کے فالوورزکی تعداد بھی بہت زیادہ تھی۔ ان دنوں وہ انسٹاگرام پر ریل بناتی رہتی تھیں۔امرین کی بہن رضیا کا کہنا ہے کہ انہیں یقین نہیں ہورہا کہ میری بہن کو مار دیا گیا۔ وہ غم میں ہیں اور کہتی ہیں کہ انہوں نے سب اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ کس طرح انکی بہن کو گولیاں چلا کر مار دیا گیا"۔امرین کے والد خضر محمد نے انتظامیہ کے خلاف بھی ناراضگی کا اظہار کیا۔

دل لگی سے مزید