• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کروز شپ ڈرگ کیس، آریان خان کو انسداد منشیات بیورو نے بیگناہ قرار دیدیا

ممبئی (پی پی آ ئی) بولی وڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے خلاف منشیات کیس کی سماعت ہوئی، انسداد منشیات بیورو این سی بی نے آریان خان کو بے گناہ قرار دے دیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے 2021 کروز شپ ڈرگ کیس میں اپنی چارج شیٹ پیش کی ہے جس میں آریان خان کو بے گناہ قرار دے دیا ہے۔این سی بی کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا جس میں این سی بی نے 14 افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے، تاہم اس میں آریان خان کا نام شامل نہیں ہے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ این سی بی کی جانب سے پیش کردہ چارج شیٹ میں لکھا ہے کہ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اور موہک جیسوال کے علاوہ تمام ملزمان کے قبضے سے منشیات برآمد ہوئی۔سرکاری نوٹ میں کہا گیا ہے کہ ایس آئی ٹی کی طرف سے کی گئی تحقیقات کی بنیاد پر 14افراد کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت شکایت درج کی جا رہی ہے۔ 6دیگر افراد کے خلاف عدم ثبوت کی وجہ سے شکایت درج نہیں کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ شاہ رخ خان کے بیٹے کو 2 اکتوبر 2021 کو ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی کے دوران پڑنے والے چھاپے میں حراست میں لیا گیا تھا۔این سی بی کے سابق زونل ڈائریکٹر سمیر واکھنڈے نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے سابق سربراہ سمیر واکھنڈے جنہوں نے آریان خان کو ممبئی کروز ڈرگز کیس میں گرفتار کیا تھا، انہوں سے سوالات کے جواب دینے سے انکار کیا۔سمیر واکھنڈے نے بھارتی میڈیا کی جانب سے کیے گئے سوال پر کہا کہ معذرت میں تبصرہ نہیں کر سکتا۔

دل لگی سے مزید