• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی کرکٹرز ویسٹ انڈیز سیریز کی تیاری بدھ سے شروع کرینگے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ بدھ سے لاہور میں شروع ہوگا۔مہمان ٹیم کے خلاف 16 رکنی اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کو لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف تمام کھلاڑی بھی یکم جون کو کیمپ جوائن کرلیں گے۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز 8، 10 اور 12 جون کو کھیلے جائیں گے۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ تحریری طور میں ملتان میں سیریز کرانےکے لئے ضلعی انتظامیہ کی جان سے تحریری اجازت کا منتظر ہے۔ پی سی بی نے میچز ملتان منتقل ہونے کے بارے میں ویسٹ انڈین بورڈ کو بتادیا ہے۔ ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ پی سی بی کو حکومت کی جانب سے ملتان میں سیریز کرانے کی زبانی اجازت دی گئی ہے البتہ پاکستان کرکٹ بورڈ تحریری طور پر اجازت چاہتا ہے تاکہ معاملات کو حتمی شکل دی جا سکے ۔ پی سی بی پر امید ہے کہ پیر تک تحریری طور پر اجازت مل جائے گی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملتان میں سیریز کرانے کے انتظامات شروع کر رکھے ہیں۔ ٹیموں، میچ آفیشلز اور براڈ کاسٹرز کیلئے ہوٹل کی بکنگ کرادی ہے۔