• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی پر بڑا ظلم اس کی آبادی آدھی کرنا ہے، حافظ نعیم

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) جماعت اسلامی کے تحت اتوار 29مئی کو شام 4بجے مزار قائد سے ایک عظیم الشان اور تاریخی ”حقوق کراچی کارواں“نکلے گا،جو ضلع قائدین و وسطی،شمالی کے مختلف مقامات لسبیلہ، گلبہار، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، ناگن چورنگی،پاور ہاؤس چورنگی، شفیق موڑ، سہراب گوٹھ اور فیڈرل بی ایریا سے ہوتا ہواسپر مارکیٹ لیاقت آباد پرختم ہوگا۔ حیدری اور لیاقت آباد سپر مارکیٹ پر بڑے جلسہ عام ہوں گے۔ مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد نعیم نےکہا کہ لیاقت آباد مارکیٹ کراچی کے ٹیکس میں سب سے زیادہ ٹیکس دیتی ہے،کراچی کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم کیا گیا ہے اور اس جرم میں تمام پارٹیاں ملوث ہیں۔ کراچی کے عوام پر سب سے بڑا ظلم اس کی آبادی کو آدھی کردیاگیا۔ آدھی آبادی کے لحاظ سے ہی وسائل اور اسمبلیوں میں نمائندگی دی جاتی ہے۔کراچی کی آبادی کو اگر درست شمار کرلیا جائے تو وزیر اعلی کراچی اور حیدرآباد سے بھی منتخب ہوسکتا ہے۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کارواں کی قیادت کریں گے،کارواں کی تمام تیاریاں اور انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں،شہر بھرسے قافلے امراء اضلاع کی قیادت میں مزار قائد پہنچیں گے،کارواں کی تیاریوں اور رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں جمعہ اور ہفتہ کو شہر بھر میں اہم پبلک مقامات،بڑی شاہراہوں اور چورنگیوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے گئے،حافظ نعیم الرحمن نے ہفتے کو لیاقت آباد میں قائم مرکزی کیمپ کا دورہ کیا اور قریبی مارکیٹوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں حقوق کراچی کارواں کے ہینڈ بلز بھی تقسیم کیے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید