• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوکرین میں لڑنے والے ٹوری ایم پی کے بیٹے نے ساتھی کو مرنے سے بچالیا

لندن (پی اے) کنزرویٹو پارٹی کی رکن پارلیمنٹ ہیلین گرانٹ کے بیٹے بین گرانٹ نے، جو یوکرین میں روسی فوجیوں کے ساتھ لڑائی میں شریک ہے، بتایا کہ اس نے اپنے ایک ساتھی کو، جو بارودی سرنگ سے ٹکرا کر اپنی ایک ٹانگ سے محروم ہوچکا ہے، روس کی گولہ باری کی زد میں آکر مرنے سے بچالیا۔ اس نے ڈیلی ٹیلی گراف کو بتایا کہ یوکرین کے علاقے خرکیف میں اس ماہ کے اوائل میں لڑائی کے دوران اپنے ایک ساتھی ڈین آرتھر کو مرنے سے بچالیا۔ اس نے بتایا کہ یہ بہت ہی نازک وقت تھا، جب مجھے ایسے وقت میں، جب اوپر سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ اور نیچے ٹینکوں سے فائرنگ کی جارہی ہو، اپنے اسلحہ کے ساتھ ہی ایک شخص کو اٹھا کر محفوظ مقام تک پہنچانا بہت مشکل کام تھا۔ روس کی جانب سے ہمارے چاروں طرف اور اوپر سے فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا، کسی کو محفوظ مقام تک پہنچانا آسان کام نہیں تھا۔ اس نے بتایا کہ اس کا غیرملکی والنٹیرز کے یونٹ نے روس کے ایک ٹھکانے کو ہدف بنانے کا فیصلہ کیا تھا اور وہ ابھی ا س کی تیاری ہی کر رہے تھے کہ روسی ڈرونز نے ہمیں دیکھ لیا اور انھوں نے ہم پر حملہ کردیا، آرتھر ایک بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا تھا، جس سے اس کی نصف ٹانگ اڑ گئی، اس موقع پر ہمیں وہاں سے نکل جانا چاہئے تھا، ایسا نہ کرنے کی صورت میں ہماری موت لازمی تھی۔ اس نے کہا کہ وہ خوش قسمت تھے کہ وہ زندہ بچ گئے۔ آرتھر کو کیف کے ہسپتال میں پہنچایا گیا، جہاں اطلاع کے مطابق اس کے زخم مندمل ہورہے ہیں۔ ادھر حکومت نے تمام برطانوی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ یوکرین کا سفر نہ کریں۔ وزیر دفاع بین ویلس نے متنبہ کیا ہے کہ کوئی برطانوی فوجی یوکرین کی جنگ میں شریک نہ ہو اور اگرکوئی فوجی اس جنگ میں شریک پایا گیا تو اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

یورپ سے سے مزید