• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر کا دورہ ہالینڈ

دی ہیگ( نمائندہ جنگ) پاکستان کے وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر نےہالینڈ کا دورہ کیا، وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری نے ہیگ میں جی ایس پی پلس اسٹیک ہولڈرز بشمول ڈچ حکام، کاروباری اداروں، تجارتی اداروں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں سے ملاقاتیں کیں۔ وزیر تجارت نےہالینڈ کی وزارت خارجہ کےسیکرٹری جنرل پال ہیئٹس (Paul Huijts) کے ساتھ بھی ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان بہترین تعلقات ہیں جو باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون پاکستان اور ہالینڈ کے دوطرفہ تعلقات کے اہم ستون ہیں، ہالینڈ، یورپی یونین میں پاکستان کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار اور پاکستان کے مختلف شعبوں میں اہم سرمایہ کار ہے۔ وزیر قمر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ جی ایس پی پلس ایک بہترین مطابقت ہے اور باہمی طور پر فائدہ مند تعاون کی کامیابی کی کہانی ہے، کیونکہ2013 میں اسکیم کے آغاز سے لے کر اب تک ہالینڈ کو پاکستان کی برآمدات میں 103فیصد اور ہالینڈز کی پاکستان کو برآمدات میں 107فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا جی ایس پی پلس ریگولیشن فائدہ اٹھانے والے ممالک میں پائیدار ترقی، غربت کے خاتمے اور گڈ گورننس میں معاونت کے اصولوں پر توجہ مرکوز رکھے گا۔ دونوں اطراف نے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات کو سراہا۔ سیکرٹری جنرل پال ہیئٹس نے دوطرفہ تجارت میں خاطر خواہ ترقی سمیت مجموعی دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کو سراہا۔ مسٹر حویجتس نے ہالینڈ کے افغانستان سے انخلاء کے آپریشن کے لیے پاکستان کی حمایت اور سہولت کاری پر شکریہ ادا کیا، بعد ازاں وفاقی وزیر سید نوید قمر نے پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع اور تعمیل کے نظام سے متعلق ایک سیمینار سے خطاب کیا جس میں ڈچ کاروباری اداروں، سرمایہ کاروں، تجارتی انجمنوں، سول سوسائٹی​غیر سرکاری تنظیموں اور پاکستان سے درآمد کرنے والی ہالینڈ میں مقیم پاکستانی کمپنیوں نے شرکت کی۔ انہوں نے شرکا کو جی ایس پی پلس کی ضروریات کو لاگو کرنے میں اہم کامیابیوں کی تعریف کی۔ انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع اور ڈچ اور پاکستانی کاروباری اداروں کے درمیان تعاون کے ممکنہ امکانات کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے ڈچ کمپنیوں کو پاکستان میں زراعت، ڈیری، واٹر مینجمنٹ، میری ٹائم اور صاف توانائی کے شعبے میں کاروبار کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔ دورے کے اختتام پر وفاقی وزیر نوید قمر نے پاکستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیگ میں اپنی ملاقاتوں اور مصروفیات کی تفصیلات بتائیں۔ وزیر تجارت نوید قمر یورپی یونین کے دیگر دارالحکومتوں جیسے پیرس اور برلن کا بھی دورہ کر رہے ہیں جہاں ان کی اپنے ہم منصب اور کاروباری برادری کے نمائندوں سے ملاقات متوقع ہے۔ 

یورپ سے سے مزید