• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تبدیلی سرکار کے چار سال نےملک کو معاشی بحران میں دھنس دیا،رحمت وردگ

پشاور(نمائندہ خصوصی)تحریک استقلال کے سربراہ رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار کے چار سال دور حکومت کی لوٹ مار سے ملک شدید معاشی بحران کی دلدل میں دھنس چکا ہے ملک دھرنوں اورگھیرائو جلائو محاذ آرائی اور منفی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ عمران نیازی کی طرف سے اقتدار میں آنے سے قبل بھی دھرنے دے کر ملک کو تباہ کیا۔ اقتدار کے دوران کرپشن و لوٹ مار کرنے والوں کی سرپرستی کرکے ملک کو تباہ کیا جبکہ تبدیلی سرکار کے دور میں ہونے والی اربوں روپے کی کرپشن کے میگا سکینڈلز کے انکشافات سے احتساب سے بچنے کے لئے حکومت پر دبائو ڈال کر ملک کو تباہ کیا جارہا ہے تاہم عوام نے عمران خان کی اقتدار کی جنگ کے لئے قربانی کا بکرا بننے کافیصلہ کر لیا ہے۔ رحمت خان وردگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت تبدیلی سرکار کے دور کے گند کا صفایا کرنے میں لگی ہے۔ نئی حکومت کی ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے گھیرائو جلائو کی سیاست عوام دشمنی ہے۔ رحمت خان وردگ نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے بغیر الیکشن کروانا بے مقصد ہے۔ غریبوں مزدوروں اور کسانوں کے نمائندوں کے اسمبلی تک پہنچنے کے لئے نئے انتخابات متناسب نمائندگی کی بنیاد پر کروائے جائیں جبکہ عوام کے مفاد میں تمام سیاسی جماعتوں کو متناسب نمائندگی کی حمایت کرنی چاہئے۔
پشاور سے مزید