لوٹن ( شہزاد علی ) لوٹن میں کشمیر ویلفیئر آرگنائزیشن کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔ لیبر ممبر پارلیمنٹ سارہ اوون نے برطانیہ کے اقلیتی طبقے کے ڈاکٹروں کو خراج عقیدت پیش کیا کہ جنہوں نے کوویڈ وبائی مرض کے دوران اپنی جانیں قربان کیں اور فرنٹ لائن پر رہ کر خدمات انجام دیں، میئر سمیرا سلیم نے بھی قومی محکمہ صحت میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے اپنی کمیونٹیز کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالا۔ بانی تنظیم ڈاکٹر طاہر محمود نے آغاز میں واضح کیا کہ یہ ایک ویلفیئر رضاکار فلاحی تنظیم ہے جس کا مقصد دیکھ بھال کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے برطانیہ اور آزاد کشمیر کے ڈاکٹروں کی مدد کرنا ہے آج 200سے زیادہ یو کے کے کشمیری ڈاکٹرز، طبی سائنس دانوں اور میڈیکل طلباء نے اس میں شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے کسی بھی تعصب سے بالا تر ہو کر اپنا کام جاری و ساری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں کام کرنے والے کشمیری ڈاکٹروں کی تاریخ میں اس طرح کا یہ پہلا واقعہ تھا کہ ڈاکٹروں کی دیگر تنظیموں مثلاً مسلم ڈاکٹرز ایسوسی ایشن، برٹش اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن اور شمالی یورپ اور مشرق وسطیٰ کے پاکستانی معالجین کے نمائندے موجود ہیں ۔ انہوں نے بطور بانی تنظیم کے اغراض و مقاصد بیان کیے اور دیگر ڈاکٹروں سلمیٰ نور، محمد مقصود، اظہر چوہدری، رحیم کیانی، متین شریف، شوکت خان اور شمیم خان کو مہمانوں کے سامنے اپنے فلاحی کام پیش کرنے کے لیے مدعو کیا۔ ڈاکٹر شکیل قریشی کو بھی خراج تحسین پیش کیا، جنہیں حال ہی میں حکومت برطانیہ کی طرف سے نائٹ ہڈ کا اعزاز ملا تھا۔ مجاہد نے پاکستان اور افریقہ میں ان کی اپنی تنظیموں کی طرف سے کئے گئے فلاحی کاموں کی اہمیت بیان کی۔شرکاء میں سابق میئر راجہ سلیم، ڈپٹی میئر آصف مسعود، کونسلر جاوید حسین، کونسلر خدیجہ ملک شامل تھے۔