• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی ہوائی اڈوں پر عملے کی شدید قلت،حکومت اور ائر لائنز کی ایک دوسرے پر تنقید

راچڈیل(ہارون مرزا) ہوائی اڈوں پر عملے کی شدید قلت سر چڑھ کر بولنے لگی، برٹش ائر ویز کی طرف سے لندن کے ہیتھرو ائر پورٹ پر کم از کم 124، ایزی جیٹ نے گیٹ وک ائر پورٹ پر 31پروازیں منسوخ کیں جس سے مسافروں میں غم وغصہ بڑھ گیا۔ ٹرانسپورٹ سیکرٹری گرانٹ شیپس نے سیاحتی فرموں کو خبردار کیا ہے کہ وہ تعطیلات کیلئے پروازوں کی بڑے پیمانے پر بکنگ نہ کریں، برطانیہ کے ہوائی اڈوں پر عملے کی شدید قلت کے باعث پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے مجموعی طو رپر20فیصد مسافروں کے متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ڈومینک راب کی طرف سے ائر پورٹس حکام پر مطلوبہ عملہ بھرتی کرنے میں ناکامی کے حوالے سے تنقید کے بعد ائر لائنز اور برطانوی حکومت کے درمیان لفظی جنگ شروع ہو گئی ہے۔ نائب وزیراعظم کی طرف سے سیاحوں کی مانگ کے مطابق عملہ بھرتی نہ کرنے کی وجہ سے ائر لائنز انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے، کہا جا رہا ہے کہ مسافروں کو پروازوں کی منسوخی کی پیشگی اطلاع دی گئی تھی بولوگنا، اٹلی ، بارسلونا، اسپین، پراگ، جمہوریہ چیک، کراکو، پولینڈ اور ایڈنبرا سمیت دیگر مقامات پر سیروسیاحت کیلئے سفر کی منصوبہ بندی کرنے والے شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔ گیٹوک برسٹل اور مانچسٹرکے ہوائی اڈوں پر قطاروں میں کھڑے سیکڑوں مسافراذیت ناک صورتحال سے دوچار ہیں۔ ایزی جیٹ اور برٹش ائر ویز کے مسافر وں نے کہا کہ انہیں تقریبا تین گھنٹے تک اپنی باری کا انتظار کرنا پڑا، عملے کی کمی کی وجہ سے پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہیں، مسافر اپنی منزل تک پہنچنے کیلئے بے چین اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔ ٹریڈ یونینز اور لیبر پارٹی کا کہنا ہے کہ حکومت اس شعبے کو خاطر خواہ مدد فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے لیکن ڈومینک راب کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ سیکرٹری گرانٹ شیپس گزشتہ کئی مہینوں سے انڈسٹری سے مانگ میں واپسی کے بارے میں بات کر رہے تھے اور اس بارے میں متنبہ کر رہے ہیں کہ صورتحال سے نمٹنے اور عملے کی قلت پوری کرنے کیلئے بھرتی ناگزیر ہے۔ ائر لائنز حکام نے اس طرح عملے کو بھرتی نہیں کیا جس طرح کی ضرورت تھی، وہ مسافروں کی ضر ورت کے مطابق مطلوبہ عملہ مہیا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ایوی ایشن سروسز کے ماہر لیوک فراج اللہ نے مسائل کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ تقریبا 20 فیصد پروازیں منسوخ ہوئی ہیں تمام ائر لائنز اور ائر پورٹس پر مسائل کا سامنا ہے ، یہ امر قابل ذکر ہے کہ مسافروں کو زمینی عملے کی قلت کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے، بیشتر پروازیں محض اس وجہ سے رک گئیں کہ ان کا سامان لوڈ کرنے میں تاخیر ہو گئی، حکومت برطانیہ سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کی گئی ہے

یورپ سے سے مزید