• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمائما کا جونی ڈیپ کو امبر ہرڈ پر عائد جرمانہ معاف کرنے کا مشورہ

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)ہولی وڈ کے عالمی شہرت یافتہ اداکار جونی ڈیپ اور ان کی سابقہ اہلیہ امبر ہرڈ کے کیس کا فیصلہ آگیا ہے، جس کے مطابق امبر ہرڈ بڑی مجرمہ اور جونی ڈیپ چھوٹے مجرم قرار دیئے گئے ہیں۔پی ٹی آئی کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے ہتک عزت کا مقدمہ جیتنے پر ہولی وڈ سپر اسٹار جونی ڈیپ کو ایک مشورہ دیا ہے۔جمائما گولڈ اسمتھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجونی ڈیپ اور امبر ہرڈ کے معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ’میری خواہش ہے کہ اب جونی ڈیپ، امبر ہرڈ کے تمام نقصانات کو معاف کرتے ہوئے ایک بیان دیں گے کہ جو کچھ ہوا اس کا مقصد پیسے نہیں تھے۔‘اُنہوں نے مزید لکھا کہ’اس کے علاوہ امبر ہرڈ پر تنقید کرنے والوں کو بھی اداکارہ کے لیے نیک خواہشات رکھنے کی تاکید کریں۔خیال رہے کہ جیوری نے دونوں کے مقدمے کا الگ الگ فیصلہ سناتے ہوئے مجموعی طور پر امبر ہرڈ کو ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر جب کہ جونی ڈیپ کو صرف 20 لاکھ ڈالر کا ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔جونی ڈیپ نے ہرجانے کے طور پر 5 کروڑ جب کہ امبر ہرڈ نے 10کروڑ ڈالر کا مطالبہ کیا تھا مگر عدالت نے انہیں انتہائی کم ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔علاوہ ازیں امبر ہرڈ پر عائد کیے گئے ڈیڑھ کروڑ کے ہرجانے میں سے بھی تقریبا 15 لاکھ ڈالر کم کرکے جونی ڈیپ کو صرف ایک کروڑ 35 لاکھ ڈالر تک کی رقم ملے گی۔امریکی ریاست ورجینیا کے قانون کے تحت کسی کے خلاف الزامات کے مقدمات میں اتنے بھاری معاوضے کا ہرجانہ دائر نہیں کیا جا سکتا۔ریاستی قانون کے تحت کسی کو بدنام کرنے کے مقدمات میں زیادہ سے زیادہ ایک کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا جا سکتا ہے۔

دل لگی سے مزید