• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آگ، ہوا، پانی اور مٹی کا کمال آپ کو فلم ’کملی‘ میں نظر آئے گا، سرمد کھوسٹ

کراچی (این این آئی)3 جون کو پاکستان بھر میں ریلیز ہونیوالی فلم کملی کو عوام کی جانب سے بے حد پزیرائی مل رہی ہے جبکہ ہدایتکار سرمد کھوسٹ کے کام کو بھی پسند کیا جارہا ہے ۔کاسٹ اور کہانی کے علاوہ فلم کے گانے بھی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ کچھ گانوں کے نام عناصر جیسے آگ، پانی وغیرہ کے نام پر رکھے گئے ہیں ۔ایک انٹرویو میں سرمد کھوسٹ سے گانوں کے ناموں کے چنا ئوپر سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کہانیاں زندگی کی عکاسی کرتی ہیں اور زندگی کی عکاسی کرنے کیلئے آپ کو عناصر چاہیں اس لیے آگ، ہوا، پانی اور مٹی کا کمال بھی آپ کو کملی میں نظر آئے گا جبکہ میرا پسندیدہ ریشماں جی کا گیت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکشن کا تو نہیں پتہ لیکن صبا قمر، نمرہ اور ثانیہ کو اسکرین پر ایک ساتھ پر فارم کرتا دیکھ کے بہت مزہ آیا۔ سرمد نے بتایا کہ کہانی کی سیٹنگ ہی ایسی تھی کہ کلر کہار کی لوکیشن کو بیک ڈراپ چنا گیا ، یہاں سے گزرتے ہوئے یہ جگہ ہمیشہ مجھے اپنی طرف کھینچتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہاڑ نہ ہی پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی طرح اونچے ہیں اور نہ ہی ان کے اطراف زیادہ ہریالی ہے، جھیلیں اور سوکھے درخت ہیں، اس کے علاوہ دور تک سناٹا ہے ۔ سرمد کھوسٹ نے بتایا کہ آئوٹ ڈور شوٹ کرتے ہوئے روزانہ سوا گھنٹہ ٹریکنگ کرنی پڑتی تھی اور جب شوٹنگ مکمل ہوجاتی تو میں پہاڑ کو دیکھ کر سوچتا تھا کہ مجھے کوئی جادو سے اوپر واپس لے جائے، وہ جگہ ایسی تھی کہ آپ سائیکل بھی نہیں چلا سکتے تو ہمیں پیدل سفر کرنا پڑتا تھا اس کے باوجود کاسٹ سمیت ٹیم میں سے کسی نے اف نہیں کی۔

دل لگی سے مزید