• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز گل کی اہلیہ کا کیس سینیٹ میں میرٹ پر اٹھایا، سینیٹر افنان اللّٰہ خان

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر مشاہد اللّٰہ خان  مرحوم کے بیٹے سینیٹر افنان اللّٰہ خان نے کہا ہے کہ شہباز گل کی اہلیہ کا کیس سینیٹ میں میرٹ پر اٹھایا کیونکہ یہ کیس اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ اس کیس میں پاکستانی قوم کے کروڑوں روپے کا غبن شامل ہے، جو تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی اہلیہ عزا اسد رسول نے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے وصول کیے اور پھر کبھی پلٹ کر محکمہ تعلیم سے رابطہ تک نہیں کیا۔

جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے افنان اللّٰہ خان نے کہا کہ حق اور سچ کی آواز بلند کرنا ان کی پارٹی کا ایجنڈا اور والد کی طرف سے ان کے خون میں شامل ہے لہٰذا کسی قیمت پر وہ اس مسئلے پر آواز اٹھانے سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

سینیٹر افنان اللّٰہ نے کہا کہ انہیں شہباز گل کے ماضی کے حوالے سے بھی بہت سی معلومات ہیں جس میں انہیں ماضی میں سرکاری ملازمت سے برخاست کیے جانے کی وجوہات بھی شامل ہیں، لیکن وہ بلا وجہ کسی کی عزت اچھالنے کے قائل نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز گل کی اہلیہ کی اعلیٰ تعلیم میں پاکستانی قوم کے کروڑوں روپے خرچ ہوئے ہیں اور قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ لہٰذا اس مسئلے کو منطقی انجام تک پہنچائے بغیر وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

قومی خبریں سے مزید