• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری یاسین ملک کی رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے، کشمیری رہنما

لندن / وٹفورڈ ( نمائندہ جنگ) برطانیہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ پر دباؤ ڈالے، مسئلہ کشمیر برطانیہ کا پیدا کردہ ہے، بھارت کے حکمران یاسین ملک کوفوری رہاکریں۔ ان خیالات کا اظہار کشمیر ی رہنما ڈاکٹرسید نزیر گیلانی، تحسین گیلانی، نجیب افسر ، ارشاد ملک، فہیم کیانی،لیاقت لون ، پروفیسر نذیر قریشی، چوہدری محمد شریف ،سابق میئر ریاض بٹ، پروفیسر ظفر خان، راجہ ظہور ، مرزا صدیق ،شبیر ملک ، صابر گل ، مشتاق ملک ، مشتاق منہاس، سابق وزیر اطلاعات آزاد کشمیر ، چوہدری محمد صغیر ، شوکت بٹ، قیوم راٹھور و دیگر نےبرطانوی پارلیمنٹ تا انڈین ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ میں کیا اورکہا احتجاجی مظاہرہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل اور ممتاز کشمیر ی رہنما یاسین ملک کی رہائی کے لیے کشمیر ی قوم متحد ہے ، رہنمائوں نے عالمی برادری ، اقوام متحدہ اور یو این سیکورٹی کونسل کے مستقل رکن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ یاسین ملک کی باعزت رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔ رہنمائوں نے کہا بھارت نے مسئلہ کشمیر پر توجہ اور یاسین ملک کو رہا کرنے کے بجائے کشمیر میں ٹارگٹ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور کشمیر میں دھشت گردی کے الزامات پاکستان پر لگا رہا ہے جو قابل مذمت ہے ، ان رہنمائوں نے کہا بھارت کا الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا بوکھلاہٹ کا شکار ہے، وہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کو نظر انداز کر کے کشمیر ی عوام کو دہشت گردی سے منسوب کر رہا ہے ،کشمیر کا مسئلہ بھارت خود لے اقوام متحدہ گیا تھا، بغیر رائے شماری کے کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ کیسے ہو گیا، کشمیر پر بھارت کا آئین لاگو نہیں ہوتا، بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے، کشمیر میں زبردستی کالے قوانین کشمیری عوام کی مرضی و منشاء کے خلاف مسلط کیے جا رہے ہیں، ان کی زمینوں پر غیر ریاستی باشندوں کو آباد کیا جا رہا ہے ، رہنمائوں نے کہامسئلہ کشمیر کے حل ہونے اور یاسین ملک کی رہائی تک کشمیری عوام کی جدو جہد جاری رہےگی ۔رہنمائوں نے برطانوی الیکٹرانک میڈیا باالخصوص بی بی سی نیوز کے ڈائریکٹر سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے نہتے کشمیریوں پر مظالم کے خلاف آواز بلند کریں ۔ 

یورپ سے سے مزید