• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیرسٹر سلطان محمود کی مائیکل گاہلر اور بیری اینڈریو ایم ای پیز سے ملاقات

برسلز ( نمائندہ جنگ) آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یورپین دارالحکومت برسلزمیں یورپین پارلیمنٹ کے ارکان مائیکل گاہلر ایم ای پی اور بیری اینڈریو ایم ای پی سے ملاقات کی ۔ برسلز کے دورے کے دوران یورپین پارلیمنٹ میں ہونے والی ان ملاقاتوں میں انہوں نے دونوں ممبران کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ممبران پارلیمنٹ کو یاسین ملک سمیت سیاسی اسیران آزادی کے ساتھ گزرے واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ یورپین پارلیمنٹ ان اسیران کی رہائی اور ان پر مقدمات کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ ملاقاتوں کے بعد یورپین پارلیمنٹ میں روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یورپین پارلیمنٹ میں آنے والے ہر شخص کا فرض ہے کہ وہ ممبران یورپین پارلیمنٹ کو مقبوضہ کشمیر کے بارے میں انڈیا کے مکروہ عزائم سےمسلسل آگاہ کرے ۔ انہوں نے کہاکہ یورپین دارالحکومت برسلز دنیا کا دوسرا طاقتور ترین مرکز ہے اور اس میں موجود یورپین پارلیمنٹ کی اپنی اہمیت ہے۔ اسی لیے میں نے ممبران پارلیمنٹ کو آگاہ کیا کہ انڈیا مقبوضہ کشمیر میں مسلم ڈیموگرافی تبدیل کر رہا ہے، وہ اپنے آپ کو ایک بڑی جمہوریت کہتا ہے لیکن موجودہ قیادت کے ہاتھوں وہاں مسلمان، سکھ، عیسائی اور دلتوں کے علاوہ کوئی اقلیت محفوظ نہیں، انہوں نے آگاہ کیا کہ وہ 15 جون کو ہائوس آف کامنز میں ممبران کی ایک بڑی تعداد سے مخاطب ہوں گے اور ان تک مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور وہاں ہونے والے مظالم کو پہنچائیں گے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ کشمیر پیس فورم کے ڈائریکٹرز چوہدری نصیر اور پرویز ملک بھی موجود تھے۔ 

یورپ سے سے مزید