• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حلال اشیا کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے کیلئے تعاون کریں گے، آئی سی سی

برمنگھم( نمائندگان جنگ) جدید ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کو بروئے کار لاتے ہوئے اشیا کی خرید و فروخت اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے آنے والے وقت میں اسلامک چیمبر آف کامرس اہم کردار ادا کرے گا۔ حلال اشیاکی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر بڑے سپر سٹورز اور آن لائن مارکیٹ میں آئی سی سی ہر طرح کے کاروبار کے لیے معاونت اور رہنمائی فراہم کرےگا۔ ان خیالات کا اظہار برمنگھم کے مقامی ہوٹل میں اسلامک چیمبر ز آف کامرس (ICC)کے پہلے تعارفی اجلاس میں مقررین نے کیا۔جس میں برطانیہ بھر سے بزنس کمیونٹی اور دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ،زوم کے ذریعہ دنیا بھر سے آئی سی سی کے ممبران بھی شریک ہوئے۔شرکاء نے آئی سی سی کو مسلم بزنس کمیونٹی کیلئے ایک تحفہ قرار دیا جب کہ برطانیہ کےمعروف گلوکار مبارک علی اور حمیرہ کنگ خواجہ نے براہ راست پرفارمنس سے شرکاء کو محظوظ کیا۔ اسلامک چیمبر آف کامرس مسلم کمیونٹی کے بزنسزکو ایک دوسرے سے لنک کرنے،اشیا کو تیار کرنے اور فروخت کرنے تک پروموٹ کیا جاتاہے ۔برمنگھم میں مسلم بزنسز کی بڑی تعداد ہے ۔ مسلم بزنس کمیونٹی کے خواتین وحضرات نے اسلامک چیمبرز آف کامرس میں باقاعدہ شمولیت کیلئے ممبرشپ حاصل کی۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، قاری تنویر نقشبندی نے نعت رسول مقبولﷺ پیش کی ،نظامت سید عابد کاظمی اور حمیرہ خواجہ نےانجام دئیے۔ اس موقع پر آئی سی سی کے روح رواں بیرسٹر ذیشان میاں،مہک ،مشتاق لاشاری ،عدنان جمیل،ڈپٹی لارڈ میئربرمنگھم کونسلر شفیق شاہ،لیبر پارٹی کے سینئر رہنما عنصر علی خان ،راجہ اشتیاق ،سید عابد کاظمی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں بڑی تعداد میں مسلم کمیونٹی بزنسزکر رہی ہے ہماری کوشش ہے کہ آئی سی سی کے ذریعہ ہم پوری بزنس کمیونٹی کا بزنس ٹو بزنس ایسا لنک بنا دیں جس کے ذریعہ مسلم کمیونٹی اپنے بزنس کو اسلامک طرز پر بڑھا سکے ،اپنی پروڈکٹس تیار اور فروخت کر سکے،پہلے مرحلہ میں برطانیہ میں قائم بزنسز کو اس کا حصہ بنا رہے ہیں تاکہ اس کا باقاعدہ آغاز برطانیہ سے ہو پھر باقی دنیا میں پھیلتا چلا جائے ،یہ مسلم بزنس کمیونٹی کا Amazon طرز کا بزنس ہو گا جو پوری دنیا کی معیشت کا حب ہوگا اور مسلم کمیونٹی اس سے دنیا کی معیشت میں اپنا نام پیدا کر سکے گی۔آئی سی سی کی پروفیشنل ٹیم بزنسز کے ذمہ داران کو باقاعدہ ٹریننگ بھی دے گی اور بزنسز کی پروموشن کا بندوبست بھی کرے گی، اس موقع پر بیرسٹر ذیشان میاں،ڈائریکٹر مہک (Mehak)عدنان جمیل اور دیگر نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم بزنسزکمیونٹی کو متحد کر کےایک پلیٹ فارم پر جمع کر نا ڈائریکٹ مارکیٹنگ اور بغیر کمیشن کے اپنی اشیا کو فروخت کرنا اور نئے بزنسز کو ٹریننگ مہیا کرنا،بزنس ٹو بزنس ایک دوسرے سے لنک کرنا آئی سی سی کا کام ہےتاکہ دنیا کی معیشت میں مسلم بزنسیز کا بھی ایک کردار بن سکے۔ 

یورپ سے سے مزید