• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتہائی دائیں بازو کے سیل کے ارکان کو دہشت گردی کے جرائم پر جیل

لندن (پی اے) انتہائی دائیں بازو کے سیل کے ارکان کو دہشت گردی کے جرائم پر جیل بھیج دیا گیا، 3ڈی پرنٹرز پر بندوق کے پارٹس بنانے والے اوربڑے پیمانے پر ہونے والی فائرنگ پر خوشیاں منانے والے فاشسٹ سیل کے ارکان کوجیل بھیجا گیا ہے۔ تین مردوں اور ایک عورت کو مارچ میں دو ماہ کے مقدمے کی کارروائی کے بعد 18جرائم کا مرتکب قرار دیا گیا۔ پراسیکیوٹرز نے کہا کہ انہوں نے فاشسٹ تشدد اور ہلاکتوں کاجشن منایا تھا۔ شفیلڈ کرائون کورٹ نے کیگلے کے 29سالہ ڈینیل رائٹ، 31سالہ لائم ہال، 29سالہ سٹیسی سالمن اور اینگیسی کے 29سالہ سمیوئل ولبی کو مجموعی طور پر31 سال کی سزا سنائی۔ مقدمے کی کارروائی کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ ہال اور اس کے پارٹنر سالمن کے گھر سے جو ہل ٹاپ ورک کیگلے میں واقع ہے، جزوی طورپر تیار کردہ 3ڈی پرنٹڈ گن برآمدہوئی، آتشیں اسلحہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ مکمل طور پر اسمبل کئے جانے پر ہتھیار مہلک ثابت ہو سکتا تھا۔ گروہ کےقبضے سے دوسرے ہتھیار اور دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کے کیمیکلز اور پریکٹیکل گائیڈز بھی برآمد ہوئے۔مقدمے کے آغاز پر پراسیکیوٹر انابیل ڈارلو کیوسی نے کہا کہ مجرم 2021ء کے پہلے چار ماہ کے دوران انتہائی فاشسٹ سیل کے ارکان تھے۔