• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مویشی منڈیوں میں لمپی سکن سے بچائو کیلئے حفاظتی ٹیکے لگانے سمیت سپر ے بھی کیا جائیگا، ڈپٹی کمشنر

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے سلسلے میں مویشی منڈیوں میں محکمہ لائیو سٹاک کا سٹاف 24گھنٹے موجود رہ کر جانوروں کو لمپی سکن نامی بیماری سے بچائو کے حفاظتی ٹیکے لگانے کے ساتھ ساتھ سپرے بھی کریگا۔ بغیر اجازت نامہ کے کسی کو بھی قربانی کی کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ مخصوص جگہوں کے علاوہ اندرون شہر مویشی منڈی لگانے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عیدالاضحی کے سلسلے میں مویشی منڈیوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عیدالاضحی کے سلسلے میں ضلع راولپنڈی میں مویشی منڈیوں کیلئے گیارہ مقامات مختص کئے گئے ہیں جن میں بھاٹہ چوک نزد کوہ نور مل راولپنڈی کینٹ‘ پنجاب کوآپریٹو سوسائٹی اڈیالہ روڈ‘ چکری روڈ نزد الحرام سٹی‘ لوئر ٹوپہ روڈ مری‘ جھیکا گلی مری‘ شریف ہسپتال سٹاپ جی ٹی روڈ واہ کینٹ ٹیکسلا‘ ایچ آئی ٹی نزد اتوار بازار ٹمپر مارکیٹ ٹیکسلا‘ مغل بائی پاس مویشی منڈی کلر سیداں‘ تنگی روڈ نزد چن شاہ چلہر کہوٹہ‘ چورا بازار کوٹلی ستیاں‘ گلوانہ روڈ سلاٹر ہاؤس گوجر خان شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق نے ہدایت کی کہ عید قربان کے موقع پر آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے حوالے سے خصوصی پلان تشکیل دیا جائے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق عیدالاضحی کے موقع پر بارشوں کا امکان ہے لہٰذا تمام پہلوئوں کو مدنظر رکھا جائے تاکہ کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ سیل پوائنٹس پر محکمہ لائیو سٹاک کے علاوہ ٹی ایم اے، ریسکیو 1122، آر ڈبلیو ایم سی کے نمائندے بھی موجود رہیں گے۔
اسلام آباد سے مزید