• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مختلف علاقوں میں پانی کی شدید قلت، ٹینکر کی منہ مانگی قیمتیں

راولپنڈی(خبر نگار خصوصی، نمائندہ جنگ) راولپنڈی کے بیشتر علاقوں میں پانی کی قلت کے باعث عوام کو شدید مسائل کا سامنا ہے ۔ چکلالہ سکیم تھری سے ملحقہ علاقوں ڈھوک چوہدریاں ، بوستان خان روڈ،یوسف کالونی،ذیشان سٹریٹ اور دیگر رہائشی علاقوں کے مکینوں نےکہا ہےکہ یہاں پانی کی شدید قلت ہے جس کا فائدہ ٹینکر والے بھرپور طریقہ سے اٹھا رہے ہیں ۔اہل علاقہ نے کہا ہے کہ پانی کا ایک ٹینکر 4000سے 5000تک فروخت کیا جا رہا ہےجبکہ ٹینکر ڈلوانے کے لینے کئی کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑتا ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ اس شدید گرمی میں ٹینکر والے پانی کی قلت کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی مرضی کے ریٹ مقرر کیے ہوئے ہیں اور شکایت کرنے پر بدتمیزی کرنے لگتے ہیں۔ متاثرین نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فی ٹینکر کا مناسب ریٹ مقرر کیا جائے جو غریب آدمی آسانی سے ادا کر سکے۔دریں اثناء اڈیالہ روڈ اور گرد ونواح کے علاقوں میں بھی پانی کی شدید قلت نے عوام کی زندگی مشکل بنا دی۔مہنگائی کے اس دور میں لوگوں کو منہ مانگے داموں بھی بروقت ٹینکر نہیں مل رہے۔بے حسی کی انتہا ہے کہ آج تک بیشتر علاقوں میں اس بنیادی ضرورت کی لائنیں تک نہیں بچھائی گئیں۔ ہر دور حکومت میں طفل تسلیاں اور وعدے کر کے صرف ووٹ حاصل کئے جاتے رہے۔پانی کیلئے آئے روز احتجاج کرنے والے متاثرین کا کہنا ہے کہ اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے ۔ خواجہ کارپوریشن تا گلشن آباد تک ڈیفنس روڈ، مبارک لین، دھاماں سیداں، علی ٹائون، منور کالونی، ہل ویو، کہکشاں کالونی اور جنجوعہ ٹائون سمیت سڑک کے اطراف لاکھوں افراد پر مشتمل درجنوں آبادیاں پانی جیسی ضرورت سے محروم ہیں اوربیشتر علاقوں میں آج تک پائپ لائنیں تک نہیں بچھائی گئیں۔متاثرین کا کہنا ہے کہ اس شدید گرمی میں عورتیں اور بچے پانی کیلئے برتن اٹھائے جا بجا پھرتے رہتے ہیں۔متاثرین نے وزیراعلٰی پنجاب اور کمشنر راولپنڈی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر پانی کا مسئلہ فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو احتجاج کیا جائیگا۔
اسلام آباد سے مزید