• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کا ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے خصوصی آڈٹ کا فیصلہ

اسلام آباد (مہتاب حیدر) حکومت نے ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے خصوصی آڈٹ کا فیصلہ کرلیا ہے۔

 یہ آڈٹ گزشتہ مالی سال 2019-20، 2020-21 اور 2021-22کا کیا جائے گا تاکہ مبینہ بے ضابطگیوں کا سراغ لگایا جاسکے۔ 

وزارت موسمیاتی تبدیلی نے اس حوالے سے آڈیٹر جنرل پاکستان (اے جی پی) کو خط لکھ دیا ہے۔ 

خط میں کہا گیا ہے کہ ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام ، حکومت پاکستان کا فلیگ شپ پروگرام تھا ، اس پر تمام صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر میں متعلقہ محکمہ وائلڈ لائف اور محکمہ جنگلات کے ذریعے عمل درآمد ہونا تھا۔

 وزارت موسمیاتی تبدیلی ، پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ(جسے نیشنل اسٹریٹجک سپورٹ یونٹ)کے ذریعے پروگرام سرگرمیوں کی نگرانی / تعاون کررہا تھا۔ یہ منصوبے کی ان سرگرمیوں کا بھی ذمہ دار تھا جس پر صوبائی /متعلقہ محکمہ جنگلات اور محکمہ وائلڈ لائف عمل درآمد کروارہے تھے۔

 پروگرام کی شفافیت اور روپے کی قدر یقینی بنانے کے لیے یہ ضروری ہے کہ پروگرام آفس کا مالی آڈٹ کیا جائے ، جو کہ اب تک نہیں کیا گیا ہے۔

 پروگرام کو 2023 تک مکمل ہونا ہے، لہٰذا یہ درخواست کی جاتی ہے کہ این ایس ایس یو۔ٹی بی ٹی ٹی پی کا خصوصی آڈٹ کیا جائے اور مالی سال 2019-20، 2020-21 اور 2021-22 کے مالی آڈٹ کی رپورٹ کا اشتراک اس دفتر سے کیا جائے۔ 

اب اے جی پی ، خصوصی آڈٹ ٹیم تشکیل دیں گے جو کہ گزشتہ تین برس میں مذکورہ پروگرام پر استعمال ہونے والے اربوں روپے کے فنڈز کا خصوصی آڈٹ کرے گی۔

اہم خبریں سے مزید