• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف کی جھولی میں شرم اور افسوس کے سوا کچھ نہ ہوگا، حاجی غلام علی

پشاور(لیڈی رپورٹر)جمیعت علماءاسلام کے مرکزی رہنماءاور سابق ضلع ناظم حاجی غلام علی نے خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کی جانب سے میئر و چیئرمینز کے بعد اب ویلج اور نیبر ہوڈ کونسلز کے چیئرمینز کے اختیارات بھی 9گریڈ کے سیکرٹری کو حوالے کرنے کو عوام ،منتخب بلدیاتی نمائندوں اور ایکٹ کی توہین قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جھولی میں شرم اور افسوس کے سوا کچھ نہ ہوگا۔ اپنے ایک بیان میں انکا کہنا تھا کہ ایک جانب عمران خان حقوق ، اختیارات اور بلدیاتی اداروں کی مضبوطی کی بات کرتا ہے تو دوسری جانب اسی کی صوبائی حکومت اس کی نفی کرتے ہوئے منتخب بلدیاتی نمائندوں اور عوام کی توہین پہ توہین کیے جارہی ہے ۔ صوبائی حکومت نے پہلے عوامی ووٹس سے منتخب میئر ، تحصیل چیئرمینز کے اختیارات پر شب خون مارا اور بیوروکریسی کو اختیارات کی منتقلی کی اور اب حدوں سے نیچے گرتے ہوئے ویلج اور نیبر ہوڈ کونسلز کے چیئرمینز کے اختیارات بھی ایک سیکرٹری کے حوالے کیے جارہے ہیں جو سراسر شرمناک عمل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے ملک کو جھوٹ اور نفرت کی سیاست کے سوا کچھ نہیں دیا اور اب یہی حال وہ بلدیاتی اداروں کا بھی کررہے ہیں کہ اس میں اپنی شکست کی وجہ سے بلدیاتی اداروں کو اپنے تعصب اور ذاتیات کی بھینٹ چڑھارہے ہیں ۔ اپنی بدترین شکست کے بعد صوبائی حکومت بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم کیں لیکن یہ لوگ بھول گئے کہ انکے اس عمل کو تاریخ میں بدترین اور شرمناک فیصلے کی طرح یاد رکھا جائیگا۔اگر انہوں نے بلدیاتی اداروں کو تسلیم ہی نہیں کرنا تھا تو پھر الیکشن کا ڈرامہ کیوں رچایا گیا ؟ کیا صرف اس لیئے کہ اس میں بھی اپنے ہی سلیکٹڈ لوگوں کو لا سکیں اور کرپشن کا بازار گرم رکھیں ؟ ۔ لیکن عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے ان کو بدترین شکست دے کر ثابت کیا کہ اب مذید ان کی من مانی نہیں چلے گی ۔ مہینوں گزر گئے صوبے میں کسی ایک بھی بلدیاتی دفتر کو فنڈز نہیں دیئے گئے جس کی وجہ سے جون کا مہینہ بھی گزر گیا اور کوئی بلدیاتی بجٹ نہیں بنایا جاسکا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ صوبائی حکومت اور انتظامیہ ہوش کے ناخن لے اس سے پہلے کے وہی عوام جس نے بلدیاتی انتخابات میں اپنے ووٹ کی طاقت سے اپنے نمائندوں کو منتخب کیا وہ ان کے گریبان میں ہاتھ ڈال لیں ۔ یہ عوامی نمائندے ہیں اور اب عدالت عالیہ انشاءاللہ آئین اور قانون کے تحت منتخب بلدیاتی نمائندوں کو انکا جمہوری حق دیگی
پشاور سے مزید