• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پچھلی حکومت سستی گیس خرید لیتی تو اتنی بری معاشی صورتحال نہ ہوتی، گرمی میں بجلی نہ ہو تو عوام بددعائیں دیتے ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پچھلی حکومت نے اگر سستی گیس خریدی ہوتی تو آج ملک میں اتنی بری معاشی صورتحال نہ ہوتی، شدید گرمی میں بجلی نہ آئے تو عوام بددعائیں دیتے ہیں اور اگر گیس کاٹتے ہیں تو ہماری صنعتیں متاثر ہوتی ہیں، یہ ہمارے لیے بہت مشکل چیلنج ہے۔

 لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہم جو کوشش کر رہے ہیں اس کے ابھی تک خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آرہے اور ان کی وجوہات سے ہم اچھی طرح آگاہ ہیں، میری عادت نہیں کہ میں پچھلے حکومتوں کا ذکر کرتا رہوں اور آج یہ ذمے داری ہماری ہے، ہمیں یہ ذمے داری بہت احسن طریقے سے نبھانی ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ پچھلی حکومت نے بجلی کے پلانٹس کی وقت پر مرمت نہیں کرائی، وہ بند پڑے تھے، ان پلانٹس کی ان چند مہینوں میں ہماری حکومت نے مرمت کرا کر چالو کرایا جبکہ ایندھن کا بہت بڑا چیلنج سامنے آیا جس کی ایک سے زائد وجوہات ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت کو سستی گیس خریدنے کا موقع ملا تھا لیکن اس نے اپنی مجرمانہ غفلت کے سبب 3 یا 4 ڈالر پر خریدنے کے سودے نہیں کئے، اسی طریقے سے گیس کے طویل المدتی سودے 5 یا 6 ڈالر پر ہو سکتے تھے لیکن وہ بھی نہیں کئے، اگر یہ سودے کر لئے جاتے تو معیشت کی اتنی بری صورتحال پیدا نہ ہوتی۔

انہوں نے وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈیوں میں تیل اور گیس کی قیمتیں شاید پچھلی دہائیوں میں بلند ترین سطح پر ہیں اور خام تیل 118 ڈالر فی بیرل تک چلا گیا اور اسی طریقے سے گیس بھی بہت زیادہ مہنگی ہو چکی ہے تو جب ہم اتنے مہنگے تیل اور گیس پر بجلی بنائیں گے تو ہمیں سوچنا ہوتا ہے ہمارا زرمبادلہ کتنا خرچ ہوگا، ہم ایک ایک پائی بچانے کے لیے دن رات کوشش کر رہے ہیں۔

 شہباز شریف نے کہا کہ یوکرین کے مسئلے کی وجہ سے بعض ترقی یافتہ ممالک گیس خرید رہے ہیں جس کی وجہ سے بیچنے والوں نے بولیاں ہی طلب نہیں کیں جس سے ہمیں بہت نقصان پہنچا، اسی طرح گیس کا ٹینڈر آیا تو وہ 40 ڈالر فی یونٹ پر تھا تو ہم نے سوچ سجھ کر فیصلہ کیا کہ اتنی مہنگی گیس نہ لی جائے ورنہ ہمیں بہت مہنگی بجلی خریدنی پڑتی۔

 وزیراعظم نے کہا کہ ہم لوڈشیڈنگ میں کمی کے لئے دن رات کوشش کر رہے ہیں لیکن شدید گرمی میں پنکھا نہ چلے تو عوام بددعائیں دیتے ہیں، گیس کاٹتے ہیں تو ہماری صنعتیں متاثر ہوتی ہیں تو یہ ہمارے لئے بہت مشکل چیلنج ہے، اس سب کے باوجود ہم بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی کے لئے سر جوڑ کر بیٹھے ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نے چین کا ریوولونگ اکاؤنٹ وعدے کے باوجود نہیں کھولا جس پر چین نے شدید اعتراض کیا تھا، اسی طریقے سے حویلی بہادر شاہ میں جرمن کمپنی سیمنز نے ہمارے زمانے میں ساڑھے 1200 میگاواٹ کا پاور پلانٹ لگایا تھا.

 اس کی پہلی ٹربائن 2018 میں سائٹ پر پہنچ گئی تھی، اسے ڈھائی سال پہلے چل جانا چاہیے تھا لیکن وہ بھی بند پڑا ہے کیونکہ پچھلی حکومت کو توفیق ہی نہیں ہوئی، قوم کے 30 سے 40 ارب روپے ضائع ہو چکے ہیں جبکہ سی پیک کے پن بجلی کے منصوبوں میں بھی تاخیر کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جن پلانٹس میں تاخیر ہوئی ہے ان کو جلد سے جلد چلائیں، ہمیں حکومت سنبھالتے ہی یہ حقیقی چیلنجز ملے لیکن ہم ضرور ان چیلنجز کو حل کریں گے اور اس بحران سے پاکستان کے عوام کو نکالیں گے، وہ وقت دور نہیں جب پاکستان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔            

اہم خبریں سے مزید