• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بے سروسامان تبدیلی سرکار کے پاس کچھ نہیں رہا‘ صادق عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے عمائدین کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلط کردہ سیاسی کلچر ہماری سیاسی و اخلاقی اقدار کو زوال پذیر کئے ہوئے ہے سیاسی انتشار کو مزید تقویت دینے کے لئے مہروں کا استعمال حالات کو مزید گمبھیر بنائے ہوئے ہے کل تک یہ کہنے والے کہ سلطنت عمرانیہ کہیں نہیں جارہی وہ اپنا وقت پورا کرے گی وہ آج کبوتر کی طرح آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں۔ مستردشدہ یہ عناصر صرف اپنی دکان چمکانے کے لئے لاگ الاپ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اداروں پر انگلی اٹھانے والے بدحواسی میں اس حقیقت کا بھی ادراک کھو چکے ہیں کہ باقی کی چار انگلیاں خود انہی کی جانب اشارے کررہی ہیں۔قوم نے 70برس سے ہیرو سے زیرو بنائے جانے کا عمل اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔ صادق عمرانی نے کہا کہ قومی ہیروز کی پہچان عوام کا اعتماد اور بھرپور پذیرائی ہوا کرتی ہے نہ کہ کرائے کے لوگ اور دوسری جماعتوں سے آنے والے سیاسی بگوڑے۔آج بے سروسامان تبدیلی سرکار کے پاس کچھ نہیں رہا تو یہ عناصر بھی کسی اور کی مڈیر پر بیٹھنے کی تیاریوں میں مصروف عمل نظر آتے ہیں۔
کوئٹہ سے مزید