• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رخ خان کی فلم ’راکٹری، دی نامبی افیکٹ‘ میں بطور مہمان اداکار انٹری

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی اداکار شاہ رخ خان نے چار سال بعد بڑی اسکرین پر اپنی جھلک کیا دکھائی کہ ان کے مداح خوشی سے جھوم اٹھے۔بھارتی میڈیاکے مطابق مدھاون کی ہدایت کاری میں بننے والی پہلی فلم ’راکٹری، دی نامبی افیکٹ‘ میں شاہ رخ خان نے مہمان اداکار کے طور پر کام کیا ہے۔اسٹار اداکار آخری بار 2018 میں فلم ’زیرو‘ میں دکھائی دیے تھے جس میں ان کے ساتھ انوشکا شرما اور کترینہ کیف نے بھی کام کیا تھا۔راکٹری فلم میں شاہ رخ خان کی شمولیت کی اطلاع سامنے آتے ہی سوشل میڈیا خصوصاً ٹوئٹر پر خوشی کا اظہار ہونا شروع ہوا۔ایک صارف نے لکھاکہ ’صرف چند سیکنڈ کے رول میں ہی انہوں نے ہمیں یاد دلا دیا کہ شاہ رخ خان کے اندر کا فنکار ابھی زندہ ہے۔‘ایک اور صارف کا کہنا تھا ’کچھ بھی کر لیں شاہ رخ خان کا دس منٹ کا کردار کئی لوگوں کے پورے کیریئر پر بھاری ہے۔جبکہ ان الفاظ میں بھی تبصرہ کیا گیا ’چھوٹا کردار، بڑی کارکردگی، شاہ رخ خان آپ کو چھوٹے سے کردار سے بھی جذباتی بنانا جانتے ہیں، ان کا جادو چل کر رہتا ہے۔‘ایک صارف نے تو ایک ایک لمحہ گنوا دیا جب سے انہوں نے اداکار کو بڑی سکرین پر نہیں دیکھا تھا۔’42 ماہ، 184 ہفتے، 1288 دنوں، 30898 گھنٹوں، 1853901 منٹوں اور 111234082 سکینڈ بعد شاہ رخ خان کو دیکھ رہا ہوں۔ مدھاون سر، شکریہ‘۔راکٹری فلم کے ہدایت کار مدھاون نے یہ انکشاف کیاہے کہ شاہ رخ خان اور نور سوریا نے فلم میں کرداروں کے لیے کسی قسم کی کوئی رقم وصول نہیں کی۔’حتٰی کہ اسٹارز نے کپڑوں اور آنے جانے کے اخراجات بھی خود ہی برداشت کیے۔‘انہوں نے بتایا کہ سوریا اپنی ٹیم کے ساتھ اپنے خرچے پر خود ممبئی پہنچے تھے۔خیال رہے راکٹری فلم بھارتی سائنس دان اور ایروسپیس انجینئر نامبی نارائن کی زندگی پر بنائی گئی ہے جن پر جاسوسی کا الزام لگا تھا اور بعد ازاں بری کر دیا گیا تھا۔

دل لگی سے مزید