• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاستدان لڑائی کی بجائے ملک کو گرداب سے نکالنے کی فکر کریں، حامد موسوی

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ سیاسی بساط پر جاری کھیل صرف پاکستان دشمنوں کی خوشی کا سامان کررہا ہے، محرم الحرام قریب ہے ، نواسہ رسول ؐ کے ایام شہادت کیلئے خصوصی اقدامات کا اآغاز کیا جائے ،تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی محرم کمیٹی عزاداری سیل امام حسینؓ کے عزاداروں کے مسائل جمع کرچکے ہیں ہر سطح پر حکومت کو متوجہ کررہے ہیں ، اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق مانگتے ہیں۔ ایام عزا کیلئے پالیسی کا اعلان محرم الحرام سے قبل پریس کانفرنس میں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی ہائی کمان کے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ اپنے سوا سب کو غدار سمجھنا خارجی سوچ ہے، قومی مسائل کے حل کیلئے جمہوری اطوار اپنائے جائیں ۔ایک دوسرے پر الزامات کے بجائے ملکی مسائل کے حل کا جامع پلان وضع کیا جائے ، سیاستدان حکمران ایک دوسرے کو زیر کرنے کے بجائے ملک کو گرداب سے نکالنے کی فکر کریں۔ حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہایک منظم سازش کے تحت عدم برداشت کے کلچر کو فروغ دیا جارہا ہے۔ سیاسی جماعتیں ہر ادارے سے اپنے مطلب کے فیصلے چاہتی ہیں اداروں کے خلاف بیان بازی ملک کو کمزور کرنے کے بیرونی ایجنڈے کا حصہ ہے ، پارلیمان فوج عدلیہ سمیت قومی اداروں کے خلاف مہم جاری رہی تو پاکستان اور عوام کو ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑے گا۔اداروں کے ذمہ داران جائز شکایات اور خامیوں پر اقدامات اٹھائیں جانبداری کا تاثر ہی نہیں تصور بھی ختم کردیا جائے۔
اسلام آباد سے مزید