لندن (جنگ نیوز )ملکہ برطانیہ کو بعض اہم ذمہ داریوں سے سبکدوش کر دیا گیا،تفصیلات کے مطابق بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری کردہ سالانہ ریویو میں بڑی ہی خاموشی سے ملکہ برطانیہ کی بعض اہم ذمہ داریوں میں کمی کردی گئی ہے، واپس لی گئی ذمہ داریاں اب پرنس چارلس کے حوالے کی جائیں گی۔
بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری کردہ سالانہ ریویو میں 96سالہ ملکہ برطانیہ کی اہم منصبی ذمہ داریوں کی13نکاتی فہرست میں سے پارلیمنٹ کے پہلے اجلاس کی سربراہی سمیت 6ذمہ داریوں کو خارج کر دیا گیا ہے ، جن میں سے 5اہم ذمہ داریاں اب پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس کے حوالے کی جائیں گی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب بھی ریاست کے سربراہ اور قوم کے سربراہ جیسے دو اہم منصب ملکہ برطانیہ کے کردار کا حصہ ہیں اور ملکہ برطانیہ اب بھی رسمی قانونی تقاضوں کے مطابق بطور سربراہ ریاست اپنی ذمہ داریاں نبھاتی رہیں گی۔
بطور سربراہ مملکت ان کے سرکاری دورے کرنے اور دیگر سربراہان مملکت کے سرکاری دوروں کی میزبانی اور وزیر اعظم کی تقرری سمیت دیگر اہم ذمہ داریاں اب بھی ان کے پاس ہی رہیں گے۔
قوم کی سربراہ کی حیثیت میں ملکہ برطانیہ مناسب مواقع اور ضرورت کے وقت اپنا کردار ادا کریںگی۔