• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لگژری اور غیر ضروری اشیاء کی درآمد پر پابندی ختم، اقتصادی رابطہ کمیٹی کی توثیق

اسلام آباد (ایجنسیاں)وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں لگژری اور غیرضروری اشیاء کی درآمد پر عائد پابندی ختم کردی گئی۔اجلاس کے اعلامیے کے مطابق لگژری، غیرضروری اشیاء کی درآمد پر پابندی 30 جون 2022 تک لگائی گئی تھی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے افغانستان سے پاکستانی روپے میں بعض اشیا کی درآمدات کی اجازت بھی دیدی ہے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ای سی سی نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر 5 بنیادی اشیاء پر سبسڈی جاری رکھنے کی منظوری دی۔ای سی سی نے جانوروں میں لمپی اسکن بیماری کے باعث نیشنل ڈیزیز ایمرجنسی نافذ کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ ٹیلی کام لائسنس کے اجراء کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی۔اے پی پی کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بین الاقوامی مارکیٹ میں گندم کی قیمتوں میں کمی کے رحجان کے پیش نظر میسرزکارگل انٹرنیشنل کی سب سے کم بولی کی منظوری دیدی، پی ٹی ای/ کارگل ایگروفوڈز پاکستان کو 1 لاکھ دس ہزارمیٹرک ٹن گندم439.40 ڈالرفی ٹن کی شرح سے خریداری کی منظوری دیدی گئی ہے، اجلاس میں افغانستان میں زمینی صورتحال کے تناظرمیں انسانی ہمدردی کی بنیادپر عالمی ادارہ خوراک کیلئے پاسکو کے درآمدی اسٹاک سے آخری درآمدی قیمت پرافغانستان کیلئے 1 لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن گندم کی خریداری کی منظوری بھی دیدی گئی،اجلاس میں 19 مئی کو بعض اشیا کی درآمدات پرپابندی کے بعد ان اشیا کی پاکستان میں پہنچنے والی کنسائنمنٹس کو ریلیز کرنے سے متعلق وزارت تجارت کی سمری پیش کی گئی، ہارڈ شپ کیسزکو حل کرنے کرنے کیلئے ای سی سی نے صرف ایک مرتبہ بندرگاہوں پرپھنسی کنسائنمنٹس کوریلیزکرنے کی خصوصی اجازت دیدی۔اس کااطلاق پہنچنے والی ان کنسائنمنس پرہوگا جو 30 جون سے پہلے پاکستان کی بندرگاہوں پرپہنچ چکی ہے۔ اجلاس میں وزارت تجارت کی جانب سے برآمدی پالیسی آرڈر2022 کے مطابق ٹمبر/ لکڑی کی درآمدسے متعلق بعض شرائط کومعطل کرنے سے متعلق سمری پیش کی گئی، درآمدکنندگان کے ہارڈشپ کیسز کے تناظرمیں ای سی سی نے فیصلہ کیاکہ ایچ ایس کوڈز 4401 سے لیکر4409 تک اشیا کی درآمد31 اگست 2022 تک معطل رہیگی۔ اجلاس میں وزارت تجارت کی جانب سے ایک سال کی مدت کیلئے افغانستان سے پاکستانی روپیہ میں بعض اشیا کی درآمدات کے حوالہ سے امپورٹ پالیسی آرڈرکے پیراگراف(1)3 میں ترمیم سے متعلق سمری پیش کی گئی،ای سی سی نے سمری کی منظوری دیدی، اجلاس میں وزارت صنعت وپیداوارکی جانب سے وزیراعظم ریلیف پیکج 2020 کے تحت خیبرپختونخوامیں سستا آٹا اقدام کوجاری رکھنے اور ملک بھرمیں یوٹیلیٹی سٹورز کے نیٹ ورک میں توسیع میں سے متعلق سمری پیش کی گئی۔

اہم خبریں سے مزید