• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں 10 ڈالر فی بیرل کمی، کساد بازاری کا خدشہ بڑھ گیا

کراچی (نیوز ڈیسک)عالمی کساد بازاری کے خدشے کے پیش نظر انٹرنیشنل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں آج10 ڈالر فی بیرل تک کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق منگل کو عالمی منڈی میں برطانوی کروڈ آئل (برینٹ) کی قیمت 10.77 ڈالر فی بیرل یعنی 9.5 فیصد کم ہوکر 102.73 ڈالر پر آگئی۔ اس کے علاوہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 9.30 ڈالر یعنی 8.6 فیصد کم ہوکر 99.13 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ ماہرین کے مطابق تیل اور گیس کی قیمتوں میں ماضی قریب میں ہونے والے اضافے کی وجہ سے سرمایہ کاروں میں عالمی کساد بازاری کاخدشہ بڑھ گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آج عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی ایک اور وجہ ناروے میں آف شور ورکرز کی ہڑتال بھی ہے جس کے سبب تیل کی پیداوار میں 89 ہزار بیرل کمی متوقع ہے۔ دوسری جانب اسی دوران امریکا کے سٹی گروپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر دنیا طلب کو کمزور کرنے والی کساد بازاری کا شکار ہوئی تو رواں برس کے آخر تک خام تیل کی قیمت 65 ڈالر فی بیرل تک گر سکتی ہے جو کہ 2023 کے آخر تک 45 ڈالر تک بھی جا سکتی ہے جبکہ برینٹ خام تیل اس وقت 106 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے۔ یوکرین پر روسی حملے کے بعد اس سال تیل کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جبکہ بیشتر مرکزی بینکوں نے شرح سود میں بھی اضافہ کر دیا ہے جس سے کساد بازاری کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔ فی الحال سٹی بینک کے ماہرینِ اقتصادیات نہیں سمجھتے کہ امریکا کساد بازاری کا شکار ہو سکتا ہے، سٹی گروپ کے آؤٹ لک نے موجودہ توانائی مارکیٹ کا موازنہ 1970 کی دہائی کے بحرانوں سے کیا ہے۔ سٹی بینک کے تجزیہ کاروں نے اپنے نوٹ میں لکھا ہے کہ ’تیل کے حوالے سے تاریخی شواہد بتاتے ہیں کہ تیل کی طلب صرف بدترین عالمی کساد بازاری میں ہی منفی ہوتی ہے ۔ بلوم برگ کے مطابق فرانسسکو مارٹوکیا اور ایڈ مورس سمیت تجزیہ کاروں نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ یہ تجزیہ اوپیک اور تیل پیدا کرنے والے ممالک کی طرف سے کسی مداخلت کی عدم موجودگی اور تیل میں سرمایہ کاری میں کمی پر مبنی ہے۔ اسی دوران ملک میں سونےکی فی تولہ قیمت میں یکدم 1500 روپے اضافہ ہوگیا۔ سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونےکی فی تولہ قیمت 1500 روپے اضافے سے 1 لاکھ 42 ہزار 900 روپے ہوگئی ہے۔ 10 گرام سونےکی قیمت 1286 روپے اضافے سے 1 لاکھ 22 ہزار 514 روپے ہوگئی ہے۔ سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی صرافہ میں سونےکا بھاؤ 4 ڈالر کم ہوکر 1803 ڈالر فی اونس ہے۔

اہم خبریں سے مزید