• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائبرڈ گاڑیوں پر ٹیکس کی چھوٹ کیخلاف درخواستیں مسترد

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں پر ٹیکس کی چھوٹ کے خلاف کسٹمز کی درخواستوں پر سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

سپریم کورٹ نے سماعت میں پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے کسٹمز کی درخواستیں مسترد کر دیں۔

چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کا کہنا ہے کہ عدالت کے سامنے ٹیکس چھوٹ کا معاملہ ہے، گاڑیوں کی درآمدگی کا نہیں۔

اُنہوں نے کسٹمز کے وکیل سے کہا کہ اگر درآمد کی گئی گاڑیوں پر ٹیکس کی چھوٹ منع تھی تو آپ شوکاز نوٹس جاری کرتے۔

کسٹمز کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے 1800 سی سی سے زائد کی گاڑیوں پر 50 فیصد ٹیکس چھوٹ نہیں دی گئی۔

اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے درآمد کی جانے والی نئی گاڑیوں پر ٹیکس چھوٹ دی تھی، استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمدگی کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار نہیں دیا۔

جسٹس محمد علی مظہر نے کسٹمز کے وکیل کے دلائل پر کہا کہ نوٹیفکیشن میں یہ بات واضح نہیں ہے کہ ٹیکس چھوٹ استعمال شدہ گاڑیوں پر ہوگی یا نئی گاڑیوں پر۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے دلائل سننے کے بعد کہا کہ ہائی کورٹ کا آرڈر معطل کرنے کی کوئی ٹھوس وجوہات نہیں دی گئی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید