• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کی دھمکی اقتدار کیلئے، کیا کرپشن تحقیقات کرنا دیوار سے لگانا ہے، انہوں نے جھوٹے کیس بنائے اب سچے مقدمات کا سامنا کریں، حکومت

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء نے کہا ہے کہ عمران خان کی دھمکی اقتدار اور این آر او کیلئے ہے، عمران خان بتائیں کیا کرپشن کی تحقیقات کرنا دیوار سے لگانا ہے، آپ نے جھوٹے کیس بنائے، اب سچے مقدمات کا سامنا کریں، فرح گوگی، بشریٰ بی بی کی کرپشن اور توشہ خانہ تحائف کی خریدوفروخت سامنے آنے پر انتقام کا شور مچارہے ہیں.

 عمران خان کی دھمکیوں سے کوئی مرعوب نہیں ہو گا، قانون اپنا راستہ خود بنائیگا،عمران خان سب کچھ بتانے کو تیار ہیں، اپنی کرپشن بتانے کو تیار نہیں، PTI کا چہرہ بے نقاب، غریبوں کیلئے ریلیف بھی ہضم نہیں ہو رہا، عمران خان سب کچھ بتانا چاہتے ہیں تو بتائیں کہ 2014 میں دھرنا کس کے کہنے پر دیا،50ارب عوام کا ڈبو کر 5ارب کے اثاثے بنانے اور بشیر میمن کے سوالات کے کیا جوابات ہیں،ان کے حواریوں سے سوالات کیے جائیں تو وہ غداری ہے.

 ماضی میں عمران خان انتقامی کارروائی کر رہے تھے، اب انھیں حوصلہ کرنا چاہیے، جو جھوٹے کیسز بناتے رہے ہیں اب انھیں سچے کیسز کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں ہے، توشہ خانہ سے 15فیصد جمع کراکے 15سے 20کروڑ کی گھڑیاں چرانے والا کیسے صادق و امین ہوسکتا ہے، کوئی بھی آڈیو یا وڈیو ریکارڈنگ کسی کاجرم یا مجرمانہ فعل کو ثابت کرنے کیلئے کی جاتی ہے، وہ جرم نہیں، اگر کسی کو بلیک میل کرنے کیلئے کی جائے تو غلط ہے

 کالعدم تحریک طالبان پاکستان کیساتھ بات چیت ابھی پری ڈائیلاگ اسٹیج پر ہے، قومی سلامتی کمیٹی میں جامع بریفنگ دی گئی جس میں رائے نہیں بلکہ معلومات دیں گئیں، عمران خان نے تو کشمیر کا سودا خود کیا، مودی کو کشمیر پلیٹ میں رکھ کردیدیا۔ وہ بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ گذشتہ روز عمران خان نے ایک وڈیو جاری کی کہ ہمیں ہراساں،تنگ کیا جارہا ہے اور دیوار کے ساتھ لگایا جارہا ہے،اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوتو میں وہ سب کچھ بتا دوں گا، پہلی بات تو یہ ہے کہ آپ بتائیں کہ آپ کو کیسے ہراساں کیاجارہا ہے، کیا آپ کے خلاف مقدمات قائم کیے جارہے ہیں یا کوٹ لکھ پت جیل میں بند، ادویات بند اور گھر سے کھانے سے سہولت نہیں دی جارہی۔ 

اہم خبریں سے مزید