• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیریز ’مس مارول‘ میں فواد خان کی انٹری سے مداح خوش

فواد خان— فائل فوٹو
فواد خان— فائل فوٹو

پاکستانی اسٹار فواد خان کی مارول سنیمیٹک یونیورس کی پہلی مسلم سُپر ہیرو سیریز ’مس مارول‘ کے ذریعے طویل عرصے کے بعد اسکرین پر واپسی نے مداحوں کو خوشی سے نہال کر دیا۔

فواد خان اس وقت  مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ میں ہیں۔

فواد خان نے سیریز ’مس مارول‘ کی گزشتہ روز نشر ہونے والی قسط میں شاندار انٹری دی ہے۔

جیسا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے سیریز میں  فواد خان کے کردار کے حوالے سے  میڈیا پر خبریں گردش کر رہی تھیں، فواد خان نے سیریز کی مرکزی کردار کمالہ خان کے پرنانا کا کردار ادا کیا ہے۔ 

سیریز کی اس قسط میں فواد خان نے حسن نامی شخص کا کردار ادا کیا ہے جو ایک آزادی پسند جنگجو ہے لیکن عائشہ نامی لڑکی کے سامنے اپنا دل ہار بیٹھتا ہے، جس کی دنیا حسن کی دنیا سے بہت مختلف ہے اور پھر دونوں کی شادی ہوجاتی ہے اور ان کے ہاں ایک بیٹی کی پیدائش ہوتی ہے جو کمالہ خان کی نانی ہیں۔

تقسیمِ ہند کے دوران فواد خان یعنی حسن اپنی بیٹی سے بچھڑ جاتے ہیں لیکن بہادر بیٹی اپنے والد کے پاس واپسی کا راستہ تلاش کر لیتی ہے۔

سیریز میں ’عائشہ‘ کا کردار مہوش حیات نے ادا کیا ہے، دونوں اداکاروں کے چند رومانوی مناظر بھی فلمائے گئے ہیں، جن کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار تھا۔

اس سیریز کے ذریعے فواد خان کی اسکرین پر طویل عرصے کے بعد واپسی کو ان کے ہندوستانی اور پاکستانی مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے اور سوشل میڈیا پر اداکار کی شاندار پرفارمنس کی خوب تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

یہاں ایک نظر مداحوں کی جانب سے کیے گئے دلچسپ ٹوئٹس پر ڈال لیتے ہیں۔

 

انٹرٹینمنٹ سے مزید