ٹیلی وژن اور اسٹیج کے معروف مزاحیہ اداکار ایاز خان ہدایت کار نبیل قریشی کی بڑی عید پر ریلیز ہونے والی فلم ’قائدِ اعظم زندہ باد‘ میں ٹریفک پولیس اہلکار کے روپ میں جلوہ گر ہوں گے۔
اس فلم میں فہد مصطفیٰ نے بھی پولیس انسپکٹر کا جاندار کردار نبھایا ہے جبکہ سینئر اداکار جاوید شیخ سندھی پولیس کانسٹیبل بنے ہیں۔
ماہرہ خان کی نئی فلم ’قائدِ اعظم زندہ باد‘ کے بارے میں ایاز خان کا کہنا ہے کہ اب میں نے فلموں میں کام کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، قائدِ اعظم زندہ باد میں بہت دل چسپ کردار نبھایا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ جاوید شیخ کے ساتھ میری اسکرین کیمسٹری پر فلم دیکھنے والوں کا ہنس ہنس کر برا حال ہوجائے گا۔
ایاز خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کردار کوئی چھوٹا بڑا نہیں ہوتا، اس فلم کے علاوہ دو تین اور فلموں میں بھی کام کیا ہے، کامران رانا کی فلم ’وی آئی پی‘ میں کالج کا پرنسپل بنا ہوں۔