پڑوسی ملک بھارت میں ایک خاتون نے غلطی سے 7 لاکھ روپے غلط اکاؤنٹ میں منتقل کر دیے، فائدہ اٹھانے والے نے لاٹری جیتنے کا کہہ کر رقم واپس کرنے سے انکار کر دیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ممبئی کی ایک خاتون نے غلطی سے 7 لاکھ روپے غلط بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر دیے، سب سے حیران کن بات اس وقت ہوئی جب اس شخص نے جس کے اکاؤنٹ میں رقم جمع کرائی گئی تھی، رقم واپس کرنے سے انکار کر دیا۔
اس شخص نے کہا کہ اس نے یہ رقم لاٹری میں جیتی ہے، اس لیے وہ اسے واپس نہیں کرے گا۔
یہ واقعہ 29 جون کو اس وقت پیش آیا جب ممبئی کی ایک 38 سالہ خاتون اپنے رشتے دار کو رقم منتقل کر رہی تھیں۔
اس عمل کے دوران انہوں نے اکاؤنٹ نمبر لکھتے وقت غلطی کی اور غلط اکاؤنٹ نمبر لکھ دیا۔
اس کے بعد رقم خاتون کے رشتے دار کے اکاؤنٹ میں جانے کے بجائے ممبئی میں رہنے والے دوسرے شخص کے اکاؤنٹ میں منتقل ہو گئی۔
جب خاتون کو اپنی غلطی کا احساس ہوا تو انہوں نے فوری طور پر بینک سے رابطہ کیا، بینک حکام نے یہ کہہ کر کندھے اُچکا دیے کہ یہ ان کی غلطی تھی اور وہ کچھ نہیں کر سکتے۔
بینک کی جانب سے مدد سے انکار کے بعد خاتون نے پولیس کے سائبر سیل سے رجوع کیا، اس کے بعد جس شخص کے اکاؤنٹ میں رقم بھیجی گئی اس کی معلومات نکالی گئیں، اسے رقم واپس کرنے کو کہا گیا لیکن اس شخص نے انکار کر دیا۔
مذکورہ اکاؤنٹ ہولڈر کا کہنا ہے کہ یہ رقم اس کے اکاؤنٹ میں اس لیے آئی تھی کیونکہ اس نے لاٹری جیتی تھی۔
بعد میں سائبر سیل کے اہلکاروں نے اسے جیل بھیجنے کی دھمکی دی جس پر اُس شخص نے ساری رقم واپس کر دی۔