• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خاتون صحافی نے لائیو رپورٹنگ کے دوران لڑکے کو تھپڑ مار دیا

اسکرین گریب
اسکرین گریب

مائرہ ہاشمی نامی خاتون صحافی نے لائیو رپورٹنگ کے دوران لڑکے کو تھپڑ رسید کر دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک خاتون صحافی کو لائیو نشریات کے دوران مبینہ طور پر بدتمیزی کرنے پر ایک لڑکے کو تھپڑ مارتے دکھایا گیا ہے۔

مائرہ ہاشمی نامی خاتون صحافی عید الاضحیٰ کی حالیہ چھٹی کے بارے میں رپورٹنگ کر رہی تھیں، صحافی کو خواتین اور بچوں سمیت مقامی لوگوں میں گھرا ہوا دیکھا جا سکتا ہے جبکہ سفید قمیض میں ایک نوجوان لڑکا اُسی ہجوم میں کھڑا نظر آتا ہے۔

جب صحافی رپورٹنگ کر رہی تھیں تو اُسی دوران لڑکے نے ہاتھ کے اشارے سے دوسرے شخص کو بلایا، اگرچہ اس کی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی لیکن اس کے اشارے سے صحافی کو واضح طور پر غصہ آیا جس کے بعد صحافی نے لڑکے کو تھپڑ مار دیا۔

خاتون صحافی کے رویے نے ٹوئٹر صارفین کو تقسیم کر دیا ہے، کچھ صارفین نے صحافئ کی حمایت کی جبکہ کچھ صارفین نے خاتون صحافی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

دوسری جانب مائرہ ہاشمی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اس واقعے پر وضاحت دی ہے۔

صحافی نے کہا کہ یہ لڑکا انٹرویو کے دوران فیملی کو تنگ کر رہا تھا جس کی وجہ سے فیملی پریشان ہوگئی تھی، میں نے پہلے پیار سے سمجھایا  کہ ایسا نہیں کرو مگر سمجھانے کے باوجود یہ لڑکا نہیں سمجھا اور زیادہ ہُلّڑ بازی کر رہا تھا جس کے بعد مجھے زیب نہیں دیا کہ اسے اور موقع دے کر برداشت کیا جائے۔