• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی کا سہولت کار بنا ہوا ہے، حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ اندرون سندھ بلدیاتی انتخابات میں الیکشن کمیشن سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کے ہاتھوں یرغمال بنا رہااب کراچی میں بھی اس کا سہولت کار بنا ہوا ہے، کراچی میں سیاسی ایڈمنسٹریٹر تاحال برطرف نہیں کیا گیا، من پسند حلقہ بندیاں کر کے ووٹر لسٹوں میں ایک ہی خاندان کے افراد کو اِدھر اُدھر کر کے اور پارٹی ورکرز کو آر اوز مقرر کر کے دھاندلی کا آغاز کیا گیا، جماعت اسلامی سندھ میں الیکشن کمیشن کے صوبائی حکومت کے ہاتھوں یرغمال بنے رہنے اور انتخابات پر اثر انداز ہونے کے عمل کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی، چیف الیکشن کمشنر کراچی کا دورہ کریں، انتخابات کے دوسرے مرحلے کو بھی پہلے مرحلے کی طرح سندھ حکومت کے رحم و کرم پر ہرگز نہیں چھوڑا جائے، آزادانہ منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر نائب امراء ڈاکٹر اسامہ رضی، مسلم پرویز اور سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے، حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ لسانیت،عصبیت کی سیاست اور نفرت پھیلانے کے مذموم عمل کو مسترد کیا ہے، ہم سندھی، مہاجر، پختون، بلوچ سمیت ہر علاقے اور زبان بولنے والوں سے کہتے ہیں کہ ہمیں متحد ہونا ہوگا اور آپس میں ایک دوسرے کو لڑانے کی سازش کرنے والوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا، جماعت اسلامی کے نمائندوں کی بلدیاتی انتخابات میں کامیابی عوام کے مسائل کے حل کی ضمانت ہے، جماعت اسلامی کا میئر شہر میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع کرے گا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید