• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور ہائیکورٹ، غداری کامقدمہ، اینکر عمران ریاض کو ڈسچارج کرنے کیخلاف پراسکیوٹر جنرل پنجاب کی درخواست پر نوٹس جاری

لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے تھانہ سول لائنز میں غداری کے مقدمہ میں اینکر عمران ریاض کو ڈسچارج کرنے کیخلاف پراسکیوٹر جنرل پنجاب کی درخواست پر 19 جولائی کیلئے نوٹس جاری کر دیئے،عدالتی حکم پر ایڈیشنل پراسکیوٹر جنرل خرم خان نے مجسٹریٹ کا آرڈر اور ایف آئی آر پڑھ کر سنا دی، عدالت نےاستفسار کیا جو ویڈیو مجسٹریٹ کے سامنے چلائی گئی کیا وہ ایف آئی آر کے مواد سے تعلق رکھتی ہے؟ ایڈیشنل پراسکیوٹر جنرل نے کہا میں نے وہ ویڈیو پیغام نہیں سنا، جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے تو پھر آپ کیسے اس آرڈر کو چیلنج کر سکتے ہیں؟ ایڈیشنل پراسکیوٹر جنرل نے کہا میں نے تو صرف مجسٹریٹ کے آرڈر کو چیلنج کیا ہے، ڈیوٹی مجسٹریٹ کو مقدمہ ڈسچارج کرنے کا اختیار نہیں تھا، عدالت نے کہا کہ اگر ڈیوٹی مجسٹریٹ ریمانڈ دے سکتا ہے تو مقدمہ کیوں ڈسچارج نہیں کر سکتا؟ سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ 2005ء میں عدالتی فیصلہ آیا تھا کہ اتوار کے روز ڈیوٹی جج مقدمہ ڈسچارج نہیں کر سکتا۔