• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارشوں سے زراعت کو نقصان کا سروے کرانے کا فیصلہ، کنٹرول روم قائم

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے حالیہ بارشوں سےزراعت کوہونے والے نقصانات کے ازالے کے لئے سندھ کے تمام اضلاع کا سروےکرانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعلی سندھ کے مشیر زراعت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ سندھ سرکار نےحالیہ بارشوں سےزراعت کو ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لئے سندھ کے تمام اضلاع کا سروے کرانے کا فیصلہ کرلیا ہےاور اس سلسلے میں سیکریٹری زراعت اعجاز احمد مھیسر اور محکمہ کے ڈائریکٹر جنرلز کو تمام اضلاع کے زرعی اراضی کا سروے کروانے کے احکامات بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔ منظوروسان کاجمعہ کو اپنے بیان میں کہنا تھا کہ محکمہ زراعت کےافسران سروے کرکے بتائیں کہ سندھ کے کون کون سے اضلاع میں زراعت کو نقصان پہنچا ہے۔سروے رپورٹ کا جائزہ لیکر حالیہ بارشوں سے متاثر ہونے والے کسانوں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔منظوروسان کا کہنا تھا کہ سندھ کے کسانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اگر کسی کا حالیہ بارشوں سے نقصان ہوا ہے تو انکی ضرور مدد کی جائے گی۔مشیر زراعت منظوروسان نے کہا کہ بارشوں کے دوسرے اسپیل کہ پیش نظر محکمہ زراعت سندھ کے تمام ضلعی افسران کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے اور حیدرآباد میں محکمہ زراعت کے ڈائریکٹر زرعی توسیع کے دفتر میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہےجبکہ افسران کو کنٹرول روم سے سندھ کے کسانوں سے رابطہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔