• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اتحادی حکومت آئینی مدت پوری کرے گی، وزیراعظم نے حتمی فیصلے کیلئے PDM کا اجلاس آج طلب کرلیا

اسلام آباد، کراچی، ملتان (اسٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ، نیوزایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت آئینی مدت پوری کرے گی، وزیراعظم شہباز شریف نے اس معاملے پر اتحادی جماعتوں کا اجلاس آج طلب کرلیا ہے.

 ذرائع کے مطابق اجلاس میں ضمنی انتخابات میں شکست کے بعد کی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا جائیگا، اتحادی بھی وزیراعظم کو اپنےموقف سے آگاہ کرینگے.

 پیپلزپارٹی کے رہنمائوں یوسف رضا گیلانی اور شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ اتحادیوں کو مشکل حالات میں اکیلا نہیں چھوڑیں گے، عمران نے جھوٹا بیانیہ بنایا، مسٹر Xاور Yسے معافی مانگیں .

 دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے ضمنی انتخابات میں شکست پر اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عوام نے منحرف ارکان کو قبول نہیں کیا،رہنما ووٹرز کو نکالنے میں ناکام رہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادیوں کا اجلاس آج بروز منگل طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطا بق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادیوں کا اجلاس آج وزیراعظم ہاوس میں ہوگا۔

اجلاس میں ضمنی انتخابات میں شکست کے بعد پید اہونے والی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر غور کے بعد آئندہ کی حکمت عملی وضع کی جائے گی ۔

حکومتی اتحادی بھی وزیراعظم کو اپنے موقف سے آگاہ کرینگے۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں شکست کے باوجود پارٹی رہنماؤں اور ورکرز کاشکریہ ادا کیا ہے،انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے پارٹی کیلئے بہترین انتخابی مہم چلائی، پر امن انتخابات کے انعقاد پر وزیرِ اعلی حمزہ شہباز کی قیادت میں پنجاب حکومت مبارکباد کی مستحق ہے۔دریں اثناء صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے موجودہ صورتحال میں اپنے تمام اتحادیوں کے ساتھ کھڑا ہونے کا فیصلہ کیا ہے موجودہ صورتحال پر کل(منگل کو) لاہور میں منعقد اجلاس میں پیپلز پارٹی شرکت کریگی.

 پیپلز پارٹی اپنے اتحادیوں کو مشکل حالات میں اکیلا نہیں چھوڑے گی اپنے اتحادیوں کے ساتھ بیٹھیں گے اور فیصلے اتفاق رائے سے کرینگے، انتخابات کے نتائج کے بعد عمران خان جیت کر بھی ہار گئے ہیں اس شخص نے جھوٹا بیانیہ بنایا ، وہ قوم سے غلط بیانی اور مسٹر x اور مسٹر y سے بھی معافی مانگیں۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ مسٹر جھوٹے کے پاس کوئی اکثریت نہیں ہوتی تھی، جس کا انہوں نے خود اعتراف کیا ہے کہ بجٹ پاس کرانے کیلئے ادھر ادھر سے مدد لیتا تھا۔

 ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی نتائج میں امپائر نیوٹرل نہیں ہوتا تو عمران خان ایک نشست بھی نہیں جیتتے، پیپلز پارٹی نے اتحادیوں کا ساتھ دیا اور ضمنی انتخابات میں اپنے امیدوار کھڑے نہیں کئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جدوجہد رہی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ملک کے معاملات میں نیوٹرل رہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی مسٹر جھوٹے کی وجہ سے ہے ، اتحادی حکومت نے غیر مقبول فیصلے کئے۔ کون سی سیاسی حکومت چاہے گی کہ ملک میں مہنگائی ہو۔

علاوہ ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم اس مشکل وقت میں مسلم لیگ ن کا ساتھ دیں گے۔

پنجاب میں انتخابات صاف اور شفاف ہوئے،ضمنی انتخابات کے انعقاد اور نتائج کے بعد پی ٹی آئی کو اپنی غلطی کا احساس ہونا چاہئے ، بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیکر مشاورت کی گئی۔

انہوں نے یہ بات چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کی۔ 

اہم خبریں سے مزید