• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی خودکش دھماکا، سہولت کار کا خاکہ تیار

فوٹو بشکریہ کراچی پولیس
فوٹو بشکریہ کراچی پولیس

جامعہ کراچی خودکش بم دھماکے کی تحقیقات میں مزید پیش رفت سامنے آئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق دہشت گردی میں ملوث مرکزی سہولت کار ملزم زیب کا خاکہ تیار کر لیا گیا ہے جو سی ٹی ڈی نے سی سی ٹی وی اور عینی شاہدین کی مدد سے تیار کیا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ جامعہ کراچی خودکش حملے میں استعمال کیا گیا بارود سے بھرا بیگ دہشت گرد زیب نے تیار کیا تھا۔

مذکورہ دہشت گرد کراچی کے علاقے دہلی کالونی میں ملزم ہیبتان کی فیملی کے ساتھ ہی رہائش پذیر تھا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ دہشت گرد زیب بی ایل اے مجید بریگیڈ گروپ کے دہشت گردوں کو تربیت دیتا ہے۔

سی ٹی ڈی کے ریکارڈ کے مطابق مطلوب دہشت گرد کا پورا نام زیب بروہی بلوچ ہے، جس کی عمر 26 سال اور قد 5 فٹ 7 انچ ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ گرفتار دہشت گرد داد بخش عرف شعیب نے بھی اسی ملزم زیب سے تربیت حاصل کی تھی، داد بخش کو 2020ء میں افغانستان میں دہشت گردی کی تربیت دی گئی۔

واضح رہے کہ جامعہ کراچی میں 26 اپریل کو ہونے والے خودکش حملے میں 3 چینی اساتذہ سمیت 4 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

قومی خبریں سے مزید