• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھمکی کے کئی ہفتوں بعد سلمان خان کی ممبئی پولیس کمشنر سے ملاقات

بالی ووڈ کے بھائی جان سلمان خان نے جان سے مارنے کی دھمکیوں کے کئی ہفتوں بعد ممبئی پولیس کمشنر سے ملاقات کی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سلمان خان جمعے کی سہ پہر ممبئی پولیس ہیڈ کوارٹر پہنچے، اس دوران انہوں نے پولیس کمشنر اور جوائنٹ کمشنر سے ملاقات کی۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق والد سلیم خان اور سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں جون میں ملیں، جس کے بعد فلم نگری کے بھائی نے پولیس ہیڈ کوارٹر کا خیرسگالی پر مبنی دورہ کیا۔

سلیم خان کے سیکیورٹی اسٹاف کو معروف گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے چند دن بعد ایک خط ملا، جس میں دھمکی دی گئی تھی کہ ’ آپ کا حشر بالکل موسے والا جیسا کردیں گے‘۔

سدھو موسے والا کو رواں برس مئی میں پنجاب میں اُن کے آبائی ضلع میں گولی مار کر قتل کیا گیا تھا، اطلاعات کے مطابق اس قتل میں لارنس گروپ ملوث ہے۔

دھمکی آمیز خط ملنے کے بعد سلمان خان اور سلیم خان کی سیکیورٹی بڑھادی گئی تھی، اس حوالے سے دبنگ تھری کے کو اسٹار سدیپ نے میڈیا سے گفتگو کی۔

انہوں نے بتایا کہ دھمکی ملنے کے بعد میں نے صورتحال جاننے کے لیے سلمان خان سے بات کی۔

اداکار نے مزید کہا کہ جتنا میں سلمان خان کو جانتا ہوں، اُسے موقع ملے گا وہ اکیلا ہی سائیکل چلانے کے لیے نکل پڑے گا، اس نے اپنی زندگی ایسے ہی گزاری ہے، وہ بے ضرر اور سیدھا سادا انسان ہے۔

سدیپ نے یہ بھی کہا کہ سلمان خان کا تحفظ اُن کے مداحوں کےلیے یقینی بنانا پولیس کی ذمے داری ہے۔

سلمان خان آخری بار سنیما کے پردے پر 2021ء میں فلم انتم میں دکھائی دیے، اب اُن کی اگلی فلم ٹائیگر 3 ہے، جس میں وہ کترینہ کیف کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔

بالی ووڈ کے بھائی جان شاہ رخ خان کی فلم پٹھان میں را ایجنٹ ٹائیگر کے روپ میں نظر آئیں گے تاہم اُن کی رواں برس ریلیز ہونے والی ایک فلم کبھی عید کبھی دیوالی بھی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید