• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیبہ گل کے الزامات کی تحقیقات سے متعلق انکوائری کمیشن قائم

طیبہ گل کے سابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے خلاف جنسی ہراسانی کے الزامات کے معاملے پر وفاقی حکومت نے انکوائری کمیشن بنا دیا۔

اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق انکوائری کمیشن کی چیئر پرسن رابعہ جویریہ آغا ہوں گی، رابعہ جویریہ آغا قومی کمیشن انسانی حقوق کی چیئر پرسن بھی ہیں۔

اعلامیے کے مطابق قومی کمیشن انسانی حقوق سندھ کی رکن انیس ہارون انکوائری کمیشن کی رکن ہوں گی، قومی کمیشن انسانی حقوق پنجاب کے رکن ندیم اشرف بھی اس انکوائری کمیشن کے رکن ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق انکوائری کمیشن کے ٹی او آر بھی طے کردیے گئے ہیں، انکوائری کمیشن جنسی ہراسگی، اختیارات کے غلط استعمال کی تحقیقات کرے گا۔

اعلامیے کے مطابق انکوائری کمیشن انتظامی انصاف کے عمل کی خلاف ورزی کا تعین کرے گا، کمیشن کسی شخص یا سرکاری عہدیداروں پر تعزیرات پاکستان کےتحت جرم کا تعین کرے گا، کمیشن بعض افسران کے ویڈیو/آڈیو دینے اور لیک کرنے کے طیبہ گل کے الزامات کی تحقیقات کرے گا۔

انکوائری کمیشن کسی شخص یا سرکاری عہدیدار پر جرم میں معاونت کی ذمہ داری کا تعین کرے گا، انکوائری کمیشن قوانین کی خلاف ورزی سے متعلق کسی شخص یا سرکاری عہدیدار پر ذمہ داری کا تعین کرے گا۔

قومی خبریں سے مزید