• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان: تین ہفتوں کے دوران بندروں کے حملوں میں 42 افراد زخمی

جاپان کے حکام آوارہ بندروں کے مقابلے کے لیے بےہوشی کی دوا والی بندوقیں استعمال کر رہے ہیں، حالیہ ہفتوں میں بندروں نے 42 افراد کو مار کر زخمی کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جاپان کے بندر ملک کے مختلف شہروں میں کھلے عام گھومتے پھرتے ہیں، فصلیں کھا جاتے ہیں اور گھروں تک میں داخل ہوجاتے ہیں۔

لیکن حال ہی میں ملک کے مغربی علاقے یاماگوچی میں بندروں کا ایک غول غیر معمولی حرکات کر رہا ہے۔

اطلاعات ہیں کہ ان بندروں نے بڑوں، بچوں کو مار کر اور کاٹ کر زخمی کیا ہے۔

محکمہ زراعت کے ایک افسر نے بتایا کہ یاماگوچی شہر پہاڑوں سے گھرا ہوا ہے تو یہاں بندروں کا نظر آنا کوئی غیرمعمولی بات نہیں لیکن مختصر وقت میں اتنے حملوں کا ہونا غیرمعمولی بات ضرور ہے۔

حکام نے بےہوشی کی دوا والی بندوقیں استعمال کرنا شروع کی ہیں کیونکہ بندروں کے لیے لگائے گئے جال کسی کام نہیں آ رہے اور بندر انہیں چکمہ دے کر فرار ہو رہے ہیں۔

حالیہ واقعات میں 8 جولائی کو بندر کے حملے کی پہلی اطلاع ملی تھی، اس کے بعد سے شہری عہدیدار اور پولیس علاقے میں گشت کر رہی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید