اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عدلیہ کی ساکھ کا تقاضا اور قرین انصاف یہی تھا کہ فل کورٹ تشکیل دیا جاتا تاکہ انصاف نہ صرف ہوتا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آتا لیکن عدالتی فیصلے سے قانون دان برادری، سائلین میڈیا اورعوام کی حصول انصاف کے لئے توقعات کو دھچکا لگا ہے۔آئین اورپارلیمنٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ منگل کو اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ آئین نے ریاستی اختیار پارلیمنٹ ، انتظامیہ اور عدلیہ کو تفویض کئے ہیں۔ آئین نے سب اداروں کو متعین حدود میں کام کرنے کا پابند کیا ہے۔ کوئی ادارہ کسی دوسرے کے اختیار میں مداخلت نہیں کرسکتا۔