• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصنّف: منیر احمد منیر

صفحات: 360، قیمت1000: روپے

ناشر: آتش فشاں،78ستلج بلاک،علّامہ اقبال ٹائون، لاہور۔

بلامبالغہ قائدِاعظم محمّد علی جناح بے مثال لیڈر تھے۔ پاکستانی تاریخ اِس سطح کا کوئی دوسرا رہنما پیدا نہ کر سکی۔ اُن کی زندگی کے ہر پہلو پر لکھا گیا۔ اُن کی خدمات اور کارناموں کے حوالے سے لاتعداد کتابیں منصۂ شہود پر آچُکی ہیں،جب کہ ان کی قائدانہ صلاحیتوں اور سیاسی بصیرت کا ایک زمانہ قائل ہے۔ ہمارے پیشِ نظر جو کتاب ہے، وہ بھی قائدِاعظم کی یادوں اور باتوں سے منسوب ہے۔کتاب میں قائدِاعظم اور اُن کی جدوجہد سے متعلق، مختلف شخصیات کے انٹرویوز شامل ہیں، جن میں سے بیش تر شخصیات قائدِاعظم کی سیاسی ہم سفر بھی رہیں۔ 

یادگار تصاویر نے بھی کتاب کی اہمیت میں اضافہ کیا ہے۔ 32انٹرویوز کے علاوہ قائدِاعظم کی شخصیت اور خدمات کے حوالے سے ممتاز و معتبر سیاسی شخصات اور دانش وَروں کے مضامین بھی اِس کتاب کا حصّہ ہیں۔ مصنّف کا تحریر کردہ پیش لفظ انتہائی جامع اور معلومات افزا ہے، جس سے قائداعظم کی شخصیت کے کئی پہلو سامنے آئے۔ حسین ملک نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ’’مَیں قائدِاعظم کے علاوہ اور کسی کے لیے لفظ ’’لیڈر‘‘ استعمال کرنے سے گریزاں ہوں۔ لیڈر صرف قائدِاعظم تھے۔‘‘ اِن انٹرویوز سے کئی باتیں عیاں اور نمایاں ہوئی ہیں۔ 

جن شخصیات سے انٹرویو کیے گئے ہیں، اُن کے تعارف بھی درج ہیں۔ قائدِاعظم کے حوالے سے اِن انٹرویوز کی تاریخی اور تحقیقی حیثیت نظرانداز نہیں کی جا سکتی ۔ یہ کتاب مصنّف کی قائدِاعظم سے عقیدت و محبّت کی بھی مظہر ہے۔ کتاب کا انتساب ’’رام سوامی نائیکر‘‘کے نام کیا گیا ہے، جنہوں نے 1940ء میں قائدِاعظم کی 64ویں سال گرہ پر شایع ہونے والے ایک مجلّے میں لکھا تھا کہ ’’جناب جناح کا یومِ پیدایش، خوشی کا ایک ایسا موقع ہے، جس کا منایا جانا مسلمانوں ہی کے نہیں، تمام تر ہندوستانیوں کےشایانِ شان ہے۔‘‘