• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محافظوں کو مزید مت رلائیں

فوجی ترجمان نے کہا ہے سوشل میڈیا پر منفی مہم سے شہدا کے اہلخانہ کی دل آزاری ہوئی اور افواج میں شدید غم وغصہ ہے ۔ سوشل میڈیا پر شہدائے پاک افواج کی ارواح مقدسہ کو اذیت پہنچانا اور لواحقین کے دکھ میں اور اضافہ کرنا پاکستان کو غیر محفوظ بنانے کا گھنائونا عمل ہے ۔یہ توہین آمیز مہم جنہوں نے چلائی احسان فراموشی کا نہایت ظالمانہ فعل کیا اور پوری قوم کو ایک ایسا نقصان پہنچانے کی کوشش کی جس کو عسا کر پاکستان کا مورال گرانے کی سازش قرار دیا جائے تو غلط نہ ہو گا ۔سیلاب زدگان کی مدد کو پہنچنے والوں کے حوصلے تو اب بھی بلند ہیں مگر جو اذیتناک پروپیگنڈا کیا گیا کیا اس کا مداوا ممکن ہے ؟ آج پاکستان کی بقا کیلئے ہر شعبے میں پاک فوج پیش پیش ہے ایسے مورکھوں اور وطن دشمنوں کو ڈھونڈ کر کیفر کردار تک نہ پہنچایا گیا تو شاید ہم اپنا ہی حفاظتی بند توڑ کر لہو کے سیلاب کو دعوت دینگے ، سوشل میڈیا اگر وطن دشمنی کیلئے استعمال ہوتا ہے تو اس کو بند کر دیا جائے قومی میڈیا ہی کافی ہے جس نے شہدا کی عظمت کو اجاگر کیا اور ان کے ورثا کے غم کو کم کرنے کی کوشش کی بعض لوگ اسے ہمسایہ ملک کی کارستانی سمجھتے جبکہ سچ تو یہ ہے کہ ؎

من از بیگانگاں ہر گز نہ کالم

کہ بامن ہرچہ کرد آں آشنا کرد

(مجھے غیروں سے کوئی شکوہ نہیں، میرے ساتھ جو کیا اپنوں نے کیا)

یہ کیسی شرمناک حرکت ہے کہ ہر ذریعے، وسیلے کو شر کیلئے استعمال کیا جائے خود کو گولی مارنے کی یہ روش ترک نہ کی تو اس ملک کا حشر بہت برا ہو گا ۔ہم شہدا کے وارثوں کی دل آزادی پر ان سے معافی مانگتے ہیں اور یہ یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان کے محافظوں کے چاہنے والے کروڑوں اور نمک پاشی کرنے و الے آٹے میں نمک کے برابر ہیں۔

٭٭ ٭ ٭ ٭

کب لو گے موری خبریا؟

ایک زمانہ تھا کہ کفار اگر کسی مسلمان کو تکلیف پہنچاتے تھے تو مسلم ریاست لشکر کشی کرکے بدلہ چکا دیتی تھی ۔تاریخ اسلام میں ایسے واقعات موجود ہیں آج اللہ کا احسان ہے کہ 52اسلامی ممالک روئے زمین پر موجود ہیں اور آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں کہ کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر ہولناک ظلم وستم جاری ہے ساری تفصیل سب پر عیاں ہے مگر ماسوا ایک بیان کے مظلومان کشمیر کو بھارت کے پنجہ استبداد سے آزاد کرانے کی کوئی اجتماعی اسلامی کوشش نہیں کی جاتی، چاہئے تو یہ تھا کہ سارا عالم اسلام ایک مشترکہ اجلاس کرکے طے کرتا کہ ظالم بھارت کو وارننگ دی جائے کہ کشمیری مسلمانوں پر مظالم کا سلسلہ بند کرو ورنہ 52اسلامی ممالک کے ضرب کاری کیلئے تیار ہو جائو۔ ڈیڈ لائن دی جاتی اور عملی کارروائی کی جاتی کیونکہ پون صدی سے ہر روز وشب کسی کشمیری مسلمان کا خون بہایا جاتا ہے ،عصمت دری کی جاتی ہے ،کشمیری عالم اسلام کو پکار رہے ہیں مگر کوئی مسلم ریاست ان کی عملی مدد کو نہیں پہنچتی ۔کشمیر کا عالم اسلام سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ۔ اگر یہ رشتہ سچ ہے تو حق کیوں خاموش ہے ہم پوری اسلامی دنیا کو پیغام کیا خبردارکیے دیتے ہیں کہ عاقبت میں تو جواب دینا ہوگا ۔اس سلسلے میں مزید تاخیر سے کفر کے شعلے توحید کے خرمن تک بھی پہنچ سکتے ہیں کب مسلم امہ جاگے گی کب وہ کشمیر میں مسلمانوں کا بہتا لہو روکے گی ؟ ہر کشمیری زن ومرد جو کلمہ گو ہے مسلم ممالک کی جانب سے کسی ٹھوس اقدام کا منتظر ہے ۔کیا کشمیر اسلام سمیت وادی سے مٹ جائے گا تو تب کوئی قدم اٹھایا جائے گا ؟ نعروں بیانوں اور ریلیوں سے کفر خندہ زن ہی رہے گا۔

٭٭ ٭ ٭ ٭

کب تک رہے گی یہ جھوٹی ہنسی

حالات کی ستم ظریفی اس نہج پہنچ گئی ہے کہ اب کتنا ہی مزاح سے بھرپور پروگرام چل رہا ہو حقیقی ہنسی نہیں آتی ۔بہت ہی دکھ ہوا جب یہ خبر نظر سے گزری کہ پی ٹی آئی کے ایک سابق عہدیدار محمد منیب کیانی نے اعتراف کیا کہ وہ ہی فوج کے جوانوں کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلا رہا تھا، اس نے معافی مانگ لی ہے مگر اس کے لیے تو اسے شہدا ئےفوج کے پاس جانا ہو گا ۔کیا پی ٹی آئی اپنی تربیت گاہ کا جائزہ لیگی ؟ اگرچہ اس کے والد نے بھی معافی مانگی ہے لیکن ان کو بھی شہدا کے ورثا کو درپیش دکھ سے گزرنا ہو گا۔ پی ٹی آئی تعزیت کے بجائے اپنی صفوں کو درست کرے ۔پی ٹی آئی کے کتنے رہنما جنازے میں شریک ہوئے اس کی تفصیل بھی آنی چاہئے اس پروپیگنڈے کی زد میں نہ جانے صدر گرامی قدر کے علاوہ کتنے لوگ آئے ہونگے کیا اس سانحے اور ملک کی مجموعی صورتحال کے بعد ہماری ہنسی سچی یا جائز ہے ؟ خدا کیلئے اس مملکت خداداد کے وجود سے مت کھیلیں جنازوں میں شرکت تو کجا شہیدوں کے کفن پر کیچڑ اچھالنے کی مکروہ ترین کوششیں بند کرائی جائیں ہم کیوں اپنی حفاظتی دیوار ہی گرانے کے درپے ہیں ؟کوئی بھی آفت ہو ایمرجنسی ہو پاک فوج سب سے پہلے پہنچتی ہے اور جان پر کھیل کر آفت زدہ بھائیوں بہنوں کو نہ صرف بچاتی بلکہ ان کے منہ میں لقمہ بھی ڈالتی ہے ،ہمارے شہید ہماری زندگی کی ضمانت بن گئے اور ہم نے سوشل میڈیا کو ان کے خلاف کر دیا’’ خدا رحمت کندا یں عاشقان پاک طینت را ‘‘ اور ’’خدا غارت کندا یں غداران ملت را ‘‘۔اللہ سبحانہ و تعالیٰ ان شہیدان وطن پر مزید رحمت فرمائے اور قوم میں موجود غداروں کو غارت کرے ۔

٭٭ ٭ ٭ ٭

یہ تماشا بند کرو

٭پورا ملک عدم استحکام سے دوچار کر دیا، ملک کا کہیں کوئی وقار نہ رہا ،کشکول بکف پھرتے ہیں کوئی پوچھتا نہیں کیا اسے سیاست کہتے ہیں، ہم کسی کو الزام نہیں دیتے مگر کوئی تو ہمارا مجرم ہے سارا وطن تماشا گاہ اور آنکھ تماش بین ۔کیا اس دن کیلئے یہ ریاست مدینہ کا ڈھونگ رچایا جا رہا ہے ؟بہت ہو گئی بس کرو اب یہ تماشا بند کرو، ان کے نام یہ پیغام جن کا کوئی نام نہیں۔

تازہ ترین