• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپارٹمنٹ پر قبضہ کیخلاف درخواست، میاں بیوی سمیت تین افراد کے وارنٹ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل سیشن جج جنوبی کی عدالت نے اپارٹمنٹ پر قبضہ کرنے سے متعلق دائر درخواست منظور کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر قبضے میں ملوث میاں بیوی محمد ندیم اور سدرہ کے ایک لاکھ روپے کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ۔ عدالت نے ایس ایچ او تھانہ کلفٹن کو قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایت بھی دی ہے ۔ ہفتے کو ایڈیشنل سیشن جج جنوبی کی عدالت میں پلاٹ پر قبضہ کرنے سے متعلق شہری خواجہ تبسم حسین کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست میں محمد عامر کو بطور ملزم نامزد کیا گیا ہے جبکہ محمد ندیم خان اس درخواست میں فریق بنے تھے ۔ عدالتی حکم نامے کے مطابق شکایت گزار کی جانب سے محمد عامر کے خلاف کلفٹن بلاک 9 آشیانہ اپارٹمنٹ سیکنڈ فلور اپارٹمنٹ نمبر 202 پر غیر قانونی قبضے کی درخواست جمع کرائی تھی ، 18 دسمبر 2014 کو مذکورہ معاملے پر ملزم محمد عامر کو طلب کیا گیا تھا تاہم وہ عدالت میں پیش نہ ہوا جس پر اسے 31جولائی 2019 کو اشتہاری قرار دیا گیا ، شکایت گزار کا بیان 10 اپریل 2019 کو ریکارڈ کیا گیا جبکہ دو گواہان کے بھی بیانات ریکارڈ کئے گئے تھے ، مذکورہ درخواست کی سماعت کے دوران محمد ندیم نے وکیل کے توسط سے فریق بنتے ہوئے درخواست پر اعتراضات اٹھائے تھے اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ اس نے یہ پراپرٹی طارق احمد نورانی سے خریدی ہے جبکہ محمد ندیم نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست جمع کراکے حکم امتناعی بھی لے لیاتھا ، پھر 6 اپریل 2022 کو فریق محمد ندیم نےاپنا بیان ریکارڈ کرایا اور وقت مانگتے ہوئے کہاکہ مجھے جگہ خالی کرنے اور شکایت گزار کے حوالے کرنے کے لئے 6 ماہ کا وقت دیا جائے تاہم درخواست گزار کے وکیل نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ فریق گزشتہ 7 سال سے جگہ پر قبضہ کرکے بیٹھا ہوا ہے جبکہ جگہ کا اصل مالک مشکلات کا شکار ہے اور اب پھر 6 ماہ کا وقت مانگ رہا ہے جو ناقابل قبول ہے ، لہذا اسے صرف ایک ماہ کا وقت دیا جائے ۔ مذکورہ معاملے کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے ایک اور درخواست جمع کرائی جو محمد ندیم اور سدرہ کے خلاف غیر قانونی قبضے کی تھی ۔ عدالت نے درخواست پر فریقین کے مؤقف سننے کے بعد فیصلہ سنایا ۔ عدالت نے میاں بیوی محمد ندیم اور سدرہ کے ایک لاکھ روپے کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ۔ عدالت نے ایس ایچ او تھانہ کلفٹن کو قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایت بھی دی ہے ۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید