کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ہمارا واضح اور دوٹوک مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ اور فوری طور پر قومی تحویل میں لیا جائے،اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی بناکرفارنزک آڈٹ کیا جائے،مسلسل بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے، طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیدنگ کے باوجود بجلی کے بلوں میں کمی کے بجائے مسلسل اضافہ ہورہا ہے،بلدیاتی انتخابات بروقت کروائے جائیں، شہر کو اس وقت میئر کی ضرورت ہے،پورا شہر اجڑا ہوا ہے، پیپلزپارٹی کاغیر قانونی سیاسی ایڈمنسٹریٹرمقررہے لیکن الیکشن کمیشن نوٹس لینے کو تیار نہیں اور عملًا سندھ حکومت وپیپلزپارٹی کا نمائندہ بن گیا ہے،ہم کراچی کے تمام ریٹیلرز، دکانداروں اور تاجروں کو مبارکباد دیتے ہیں جن کی جدوجہد سے حکومت نے ظالمانہ اور جبری ٹیکس واپس لیا۔اس سے واضح ہوتا ہے کہ شہری اگر اپنے بنیادی حقوق کے لیے جدوجہد کریں تو مسائل ضرور حل ہوتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں بلدیاتی انتخابات اور شہری مسائل کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔