• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے 72 کارگوز کیلئے 6 سالہ LNG کنٹریکٹ طلب کرلیا

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) پاکستان نے 72 کارگوز کیلئے 6سالہ LNG کنٹریکٹ طلب کرلیا، دو حصوں پر مشتمل ٹینڈر جاری، پہلے حصے میں 1 سال کیلئے 12، دوسرے میں5سال کیلئے 60 کارگوز منتقل ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے دو حصوں پر مشتمل ٹینڈر جاری کیا ہے جس میں معروف بین الاقوامی ایل این جی ٹریڈنگ کمپنیوں سے 6سال کے معاہدے کیلئے بولی کی قیمتیں ایک ایسے وقت میں طلب کی گئی ہیں جب بین الاقوامی مارکیٹ میں ایل این جی کی کمی ایک نئی بلندی کو چھو چکی ہے۔ وزارت توانائی کے اعلیٰ عہدے دار کے مطابق پی ایل ایل نے دو حصوں پر مشتمل ٹینڈر جاری کیا ہے۔ ٹینڈر کے پہلے حصے کے تحت بولیاں صرف ایک سال کیلئے دسمبر2022سے دسمبر 2023 تک کیلئے مدعو کی گئی ہیں جس کے تحت 12 ایل این جی کارگو پاکستان کو پہنچائے جائیں گے یعنی ایک ماہ میں ایک کارگو۔ اور حصہ دو کے تحت پاکستان جنوری 2024 سے دسمبر 2028تک 5سال کے لیے 60ایل این جی کارگو طلب کرے گا یعنی ہر ماہ ایک کارگو۔ بولی دہندگان ٹرم ٹینڈر کے دونوں حصوں کے لیے اپنی بولی کی قیمتیں جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔ تاہم پاکستان کے پاس دو آپشن ہوں گے کہ وہ یا تو ایک سال اور 5سال کے معاہدوں کے لیے دونوں بولیاں قبول کرے یا صرف 5سال کے معاہدے کے لیے دوسرے حصے کے لیے جو بولی لگانے والوں کے جواب پر منحصر ہوگا۔ تاہم پاکستان اکیلے ایک سال کے معاہدے کے لیے بولیاں قبول نہیں کرے گا۔ توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مناسب وقت نہیں ہے کہ 6 سالہ معاہدے کے لیے ٹرم ٹینڈر جاری کیا جائے۔ انہوں نے دلیل دی کہ روس کے یوکرین پر حملے کے بعد یورپی یونین، امریکہ اور جاپان نے ماسکو پر پابندیاں عائد کر دی ہیں اور بدلے میں یورپی ممالک بالخصوص جرمنی نے روسی گیس کے استعمال کو محدود کردیا ہے اور ایل این جی اور توانائی کے دیگر وسائل پر انحصار بڑھا دیا ہے۔ اب ایل این جی پیدا کرنے والے ممالک اور ایل این جی ٹریڈنگ کمپنیاں طویل المدتی بنیادوں پر ایل این جی فراہم کرنے کے سلسلے میں یورپی ممالک کے ساتھ بہت پابند ہیں اور ان کے پاس پاکستان جیسے ملک سے رابطہ کرنے کی گنجائش نہیں ہے جس کی معاشی صورتحال انتہائی غیر مستحکم ہے اور ایل سیز تصدیقی چارجز بہت زیادہ ہیں۔ تاہم سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ارجنٹائن، جس کی معیشت پاکستان سے زیادہ خراب ہے، حال ہی میں پری پیڈ کی بنیاد پر برینٹ کے 15فیصد پر ایک مدتی معاہدہ کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔ لہٰذا ہمیں امید ہے کہ ایل این جی ٹریڈنگ کمپنیاں ٹینڈر کے دو حصوں کے لیے اپنی بولی کی قیمتوں کے ساتھ معقول حد تک ظاہر ہوں گی۔

ملک بھر سے سے مزید